اسلام آباد لانگ مارچ ،عمران خان کی گرفتاری کیلئے اتحادی جماعتوں کے سربراہوں میں صلاح مشورے
شیئر کریں
رانا ثنا اللہ نے عمران خان کی گرفتاری کی خواہش ظاہر کردی،ہمارے ہاتھ پائوں باندھے جائیں گے اور پرفارمنس پر شکوک کا اظہار کیا جائیگا تو پھر سیدھی بات ہے کہ جو ذمہ دار ہیں وہ بھگتیں،وفاقی وزیر داخلہ
آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب نہ ہو ئے تومعیشت کو چلانا معجزہ ہی ہو سکتا ہے،عمران نے مریم سے متعلق جس قسم کی نازیبا گفتگو کی اس سے ایسا معلوم ہوتا ہے ان کا اپنا تجربہ خراب رہا ،،میڈیا سے گفتگو
لاہور (بیورورپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان کی گرفتاری کی خواہش ظاہر کردی۔ماڈل ٹاؤن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ خواہش ہے عمران خان کو گرفتارکیا جائے۔ میری خواہش ہے کہ عمران خان کو اسی سیل میں رکھا جائے جہاں مجھے رکھا گیا تھا، اگر عمران خان کو تین دن جیل میں رکھا جائے تو اس کی سیاست نکل آئے گی۔ملک میں اس وقت ایک اتحادی حکومت ہے، اس قسم کے فیصلے اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کے بغیر نہیں کیے جا سکتے۔ آپ دعا کریں عمران خان کی گرفتاری کی اجازت مل جائے، پھر قوم کو یہ خوشی ملے گی۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو ملکی معیشت کو چلانا کوئی معجزہ ہی ہو سکتا ہے،ہم اپنے اتحادیوں کو کوئی سرپرائز نہیں دینگے، اتحادیوں سے مشاورت کے بعد عوام سے رجوع کریں گے ۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے مریم نواز سے متعلق جس قسم کی گھٹیا اور نازیبا گفتگو کی اس سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان کا اپنا تجربہ خراب رہا ہے، میرے خیال میں تو عمران خان جیسا گندا کردار تو لاکھوں میں کیا ملین میں بھی تلاش کرنے سے شاید ہی ملے۔فوری الیکشن سے متعلق سوال پر ا نہوں نے کہاکہ تمام اتحادیوں کا فیصلہ ہے کہ آئینی مدت پوری کریں گے، ہم اپنے اتحادیوں کو کوئی سرپرائز نہیں دیں گے اور جو بھی فیصلہ ہو گا باہمی مشاورت سے ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں آئی ایم ایف کا جو کردار ہے وہ بہت اہم ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہم نے نہیں کیا لیکن اگر آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کامیاب نہیں ہوتے تو پھر ملک کی معیشت کو چلانا کوئی معجزہ ہی ہو سکتا ہے۔رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن یہ بھی نہیں چاہتی کہ تیل کی قیمت بڑھا کر غریب عوام کے منہ سے نوالہ بھی چھین لیا جائے، اگر شہباز شریف کو کام کرنے دیا جائے اور تمام اداروں کی جانب سے سپورٹ ملے تو ہمیں یقین ہے کہ ملک کو ان مشکل حالات سے نکال سکتے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف بھی چاہتے ہیں کہ مہنگائی کا طوفان لوگوں پر نہ توڑا جائے، اتحادی حکومت کے حوالے سے ساری مشاورت کو نواز شریف کی حمایت حاصل ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ لیکن اگر ہمیں کام کرنے سے روکا جائے گا، ہمارے ہاتھ پائوں باندھے جائیں گے اور پرفارمنس پر شکوک کا اظہار کیا جائے گا تو پھر بڑی سیدھی بات ہے کہ جو ذمہ دار ہیں وہ بھگتیں، ہم اتحادیوں سے مشاورت کے بعد عوام سے رجوع کریں گے۔