میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آدم شماری کے بجائے آدم خوری کی گئی، کراچی کی ڈیڑھ کروڑ آبادی کو لاپتا کردیا گیا، فاروق ستار

آدم شماری کے بجائے آدم خوری کی گئی، کراچی کی ڈیڑھ کروڑ آبادی کو لاپتا کردیا گیا، فاروق ستار

ویب ڈیسک
پیر, ۶ نومبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ حالیہ مردم شماری کے نتائج منظور نہیں کرتے جس میں ڈیڑھ کروڑ آبادی کو گنا ہی نہیں جس سے 80 لاکھ ووٹرز حذف کردیے گئے، یہ لاکھوں کا سمندر احتجاج میں ہے، جبکہ ہم صرف ایک دفتر بہادر آباد عارضی مرکز سے کام کررہے ہیں، اگر کھلا میدان دیا جائے تو جو گئے ہیں وہ اور دوسرے بھی ایم کیو ایم میں آجائیں، کراچی مرکز کو 70 فیصد ملک کا اور صوبے کو 85 فیصد ریونیو دیتا ہے، کراچی چلتا ہے تو پاکستان چلتا ہے، کراچی کی مردم شماری میں کم تعداد صرف مہاجروں کا نہیں تمام قومیتوں کا مسئلہ ہے، مردم شماری ہی غلط ہوئی ہے تو حلقہ بندیوں کے بل پر کیسے درست قرار دیں،ایم کیو ایم کو 1986 کی ایم کیو ایم بنائیں گے، 23 اگست 2016 کو فیصلہ کیا تھا کہ ایم کیو ایم کو ایک بار پھر اپنے پیروں پر کھڑا کریں گے، سو آج لوگوں کی تعداد سے معلوم ہوگیا ہوگا، جلسے سے ثابت ہوگیا کہ عوام کا عشق ایم کیو ایم سے ہے اور پتنگ ان کا نشان ہے۔ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے مردم شماری میں کراچی کی آبادی کم ظاہر کرنے کے خلاف لیاقت آباد نمبر 10 میں ایک بڑے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ گاہ لیاقت آباد کے پل پر بنایا گیا تھا اور پورے پل پر عوام بڑی تعداد میں موجود تھے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کی صرف ڈیڑھ کروڑ آبادی کو گنا گیا اور باقی ڈیڑھ کروڑ آبادی کو لاپتا کردیا گیا ، ہم اس مردم شماری کو نامنطور کرتے ہیں۔ اس مردم شماری میں ایسا لگتا ہے کہ آدم شماری کے بجائے آدم خوری کی گئی ہے۔اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز و اراکین رابطہ کمیٹی، حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، اراکین سینیٹ، حق پرست بلدیاتی ضلعی چیئرمین و وائس چیئرمین، بلدیاتی نمائندگان، ذمہ داران و کارکنان سمیت بہت بڑی تعداد میں کراچی کے عوام نے شرکت کی۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مردم شماری میں ہماری آبادی کو کم گن کر2018ء کے عام انتخابات سے قبل از انتخابی دھاندلی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ مردم شماری دوبارہ ہونی چاہئے، اس مردم شماری کو ہم نامنطور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ووٹوں سے جو منتخب ہوتے ہیں ان کی صرف فیس ویلیو ہوتی ہے، اصل ووٹرز 1986ء میں بھی اور آج بھی صرف اور صرف ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہماری گنتی کم کی گئی، کل ہمارا پانی، نوکریاں اور دیگر وسائل بھی کم کردیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف مہاجروں کا نہیں بلکہ یہاں مقیم تمام قومیتوں کا مسئلہ ہے، جو کراچی اور سندھ کے شہروں میں رہتا ہے۔ 2018ء کے انتخابات میں دھاندلی کا آغاز مردم شماری میں ہماری گنتی کم کر کے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ذرا سا بھی برابر میدان مل جائے ایم کیو ایم پاکستان کو تو جتنے بھی گئے ہیں اس سے کئی گنا زیادہ واپس آئیں گے۔ ایم کیو ایم پاکستان کا اگلا جلسہ COPکا تاریخی جلسہ کا بھی ریکارڈ توڑدے گا۔آج جنہوں نے اس احتجاجی جلسہ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا، آج عوام نے واشگاف الفاظ میں ان کا بائیکاٹ کردیا ہے۔ سندھ کے دور دراز علاقوں سے بھی آج کے اس احتجاجی جلسہ میں لوگ آئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہماری صحیح نمائندگی نہیں کی گئی تو پھر بہ حالت مجبوری ہم ٹیکسوں اور اپنے ریونیو کے حساب سے اپنی نمائندگی مانگیں گے۔ معذور افراد کو بھی اس مردم شماری میں نہیں گنا گیا جوکہ سراسر ناانصافی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ایک ایسی عوامی طاقت ہے جسے ماننا اور تسلیم کرنا ہوگا۔ اندرونِ سندھ سمیت خلیجی ممالک سے بھی کراچی والے کراچی کے اس احتجاج میں شرکت کے لیے آئے ہیں۔ وہ بنگالی جو پاکستان میں مقیم ہے اور یہیں کاروبار کرتے ہیں انہیں بھی پاکستان کی شہریت دی جائے اور جن کے شناختی کارڈ بلاک کیے گئے ہیں انہیں بھی اِن بلاک کیا جائے۔ ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے کہا کہ جنہوں نے پاکستان بنانے کے لیے اپنا سب کچھ قربان کیا، آج انہیں کی اولادوں کے ساتھ مردم شماری میں بھی ناانصافیاں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری میں پاکستان کی مجموعی آبادی میں 60 فیصد جبکہ کراچی کے ضلع میں جو کہ بلڈنگز کا جنگل ہے وہاں صرف 15 فیصد اضافہ دکھایا گیا ہے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی والوں کاایک ہی انتخابی نشان پتنگ ہے، جو کبھی تبدیل نہیں ہوگا، کامران ٹیسوری، فیصل سبزواری، خواجہ اظہار الحسن اور کشور زہرا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری میں دھاندلی کراچی دشمن عناصر کی سازش ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں