میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کالعدم تحریک لبیک پر210مقدمات عدالتی کارروائی سے گزریں گے ،وزیرداخلہ

کالعدم تحریک لبیک پر210مقدمات عدالتی کارروائی سے گزریں گے ،وزیرداخلہ

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۲ اپریل ۲۰۲۱

شیئر کریں

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سعد رضوی کے مقدمے سمیت 210 مقدمات عدالتی کارروائی سے گزریں گے، ایم پی او کے تحت 733میں سے 660افراد رہا کر دیئے ہیں ،ٹی ایل پی کو کالعدم قرار دینے پر 30 روز کے اندر اپیل کی جانی ہے جس میں جواب دیں گے،وزیراعظم عمران خان بذات خود ناموسِ رسالت ؐ کے معاملے پر مغربی ممالک کے حکمرانوں کو اعتماد میں لینے جارہے ہیں،ملا،محرم الحرام کی سیکیورٹی، عید میلاد النبی ؐکے جلوسوں، مساجد میں خطاب، مساجد اور مدارس کی رجسٹریشن کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک پالیسی لانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں دہشت گردی فتنہ انگیزی اور نفرت انگیز تقریر کے خاتمے کیلئے سخت شکنجہ ڈالا جائے،نواز شریف کی حوالگی پر مثبت جواب نہیں ،شاہد خاقان کے رویے سے لگتا نہیں وہ وزیراعظم رہے ہیں، ان کی سیاسی زندگی میں یہ بدترین زبان تھی،عمران خان پانچ سال پورے کریںگے اور فضل الرحمن دیکھتے رہیں گے۔بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایم پی او کے تحت گرفتار کیے گئے لوگوں کو بھی رہا کریں گے اور اس وقت تک 733 میں سے 669 افراد کو رہا کیا جاچکا ہے، ان میں زیادہ تر افراد جنوبی پنجاب، فیصل آباد ڈویژن میں رہا کیے گئے۔وزیر داخلہ نے بتایا کہ پر تشدد مظاہروں کے دوران 30 گاڑیاں جلائی گئی ہیں اور ٹی ایل پی نے 5 گاڑیاں واپس کی ہیں جبکہ 12 یرغمالی پولیس اہلکاروں کو 19 اپریل کی رات ہی رہا کردیا گیا تھا۔انہوںنے کہاکہ پنجاب پولیس کے زخمی اہلکاروں کو سی-ون اور سی-ٹو کے سرٹیفکیٹس اور 4 کروڑ روپے دئیے جارہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹی ایل پی کو کالعدم قرار دینے پر ان کی جانب سے 30 روز کے اندر اپیل کی جانی ہے جس میں وہ جواب دیں گے، اس پر ایک کمیٹی بنے گی جو اس کیس کا فیصلہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بذات خود ناموسِ رسالت ؐ کے معاملے پر مغربی ممالک کے حکمرانوں کو اعتماد میں لینے جارہے ہیں اور ایسی سوچ پائی جارہی ہے کہ اس معاملے کی مسلمانوں کیلئے جو اہمیت ہے اس سے ساری دنیا کے انسانوں کو آگاہ کیا جائے۔شیخ رشید نے کہا کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 11 (بی) کے تحت ٹی ایل کو کالعدم قرار دیا گیا تھا اور 11 (سی) کے تحت انہیں اپیل کا حق حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ اتوار تک ہم بہت بہتر پوزیشن میں تھے لیکن اتوار کو بعض ملک دشمن قوتوں نے پروپیگنڈا کیا، ایسے لوگوں کی ویڈیو دکھائی جنہوں نے بعد میں خود اپنے مردہ ہونے کی تردید کی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 700 پولیس والے زخمی ہوئے، ٹی ایل پی کے لوگ بھی جاں بحق ہوئے تاہم یہ ساری باتیں خوش اسلوبی سے اس لیے طے ہوگئیں کہ ملک کی خاطر، اسلام کی خاطر ناموس رسالت ؐ کی خاطر ہم دوبارہ بیٹھے حالانکہ اس سے قبل ہماری تمام کوششیں ناکام ہوگئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی نے بھی خوش اسلوبی سے اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا اور جو قرار داد پیش کی گئی اس میں یہ شق شامل کی گئی ہے کہ بین الاقوامی تعلقات کے معاملات ریاست کو طے کرنا ہیں، کوئی فرد، گروہ یا جماعت اس حوالے سے بے جا یا غیر قانونی دباؤ نہیں ڈال سکتا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں