اب واٹس اپ پر غلطی سے بھیجا ہوامیسج واپس لیا جاسکے گا
شیئر کریں
واشنگٹن(ویب ڈیسک) کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ ہم کوئی میسج متعلقہ شخص کو بھیجنے کے بجائے دوسرے کو بھیج دیتے ہیں جس کے بعد ہمیں پچھتانا پڑتا ہے لیکن اب واٹس اپ نے اپنے صارفین کی اس مشکل کو بھی حل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ واٹس ایپ بہت جلد ایک نیا فیچر پیش کررہا ہے جس کے تحت بھیجا جانے والا ٹیکسٹ پانچ منٹ کے اندر اندر واپس لیا جاسکتا ہے۔ یہ فیچر حال ہی میں جاری واٹس ایپ کے نئے بی ٹا ریلیز میں دیکھا جاسکتا ہے لیکن خیال ہے کہ یہ صرف اس وقت تک کارآمد ہے جب تک وصول کرنے والا آپ کا میسج نہیں پڑھتا۔ اب تک واٹس ایپ نے یہ فیچر متعارف کرانے کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا اور نہ ہی معلوم ہوسکا کہ یہ کب تک منظرِ عام پر آئے گا تاہم اب جلد ہی اس کا آئی او ایس ورژن ریلیز کیے جانے کی خبریں زیرِ گردش ہیں۔ کمپنی کی جانب سے اپنے آفیشل ٹویٹ میں اتنا ضرور کہا گیا ہے کہ ’’ری ووک‘‘ فیچر جسے اب ’’ان سینڈ‘‘ آپشن کا نام دیا جارہا ہے جلد ہی دستیاب ہوگا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اسے اگلے آفیشل آئی او ایس کا حصہ بنایا جائے گا اور توقع ہے کہ اگلے ورژن میں اپنی موجودگی کے مقام اور فونٹ شارٹ کٹس بھی شامل کیے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ سب سے اہم ایک ’’چینج نمبر‘‘ کا آپشن ہے جس کے ذریعے صارفین اپنا نمبر تبدیل ہونے کی صورت میں اسے واٹس ایپ میں شامل کرسکیں گے۔ واٹس ایپ گزشتہ برس سے ان سینڈ فیچر آزمارہی ہے جس میں اب ایڈٹ اور ری ووک ( یعنی میسج واپس لیے جانے) کے آپشن شامل ہوں گے۔ ایڈٹ کے ذریعے آپ میسج کا ٹیکسٹ بدل سکتے ہیں جب کہ ان سینڈ یا ری ووک کے ذریعے پورا پیغام واپس لیا جاسکتا ہے۔