احسن اقبال کاعمران خان کو نارووال سے الیکشن لڑ نے کا چیلنج
شیئر کریں
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نارووال سے الیکشن لڑیں، ان کو سیاست بھول جائے گی۔میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ نارووال سپورٹس سٹی سٹیڈیم کا 90 فیصد کام مکمل تھا، اس پروجیکٹ کو بدترین انتقام کا نشانہ بنایا گیا، اس کی تعمیر پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، آج یہ میدان بھوت بنگلہ بن چکا ہے، جو حادثہ اس منصوبے کے ساتھ ہوا ایسا ہی پاکستان کی معیشت ساتھ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے نارووال کے عوام کی خدمت کی، عمران نیازی ہر حلقے سے کاغذ جمع کرواتے ہیں، نارووال سے بھی اپنے کاغذ جمع کروائیں، پھر دیکھیں کہ نارووال کے عوام عمران نیازی کے بت کو کیسے توڑتے ہیں، عمران خان کو دعوت دیتا ہوں، خود الیکشن لڑیں، نارووال کے عوام کے ہاتھوں ایسی عبرت ناک شکست کھائیں گے کہ سیاست بھول جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم نواز پاکستان واپس آ رہی ہیں، پورے ملک میں تنظیم نو کے لئے اپنا کردار ادا کریں گی، مریم نواز پارٹی کے لئے اثاثہ ہیں، نواز شریف بھی جلد وطن واپس آئیں گے، پوری پارٹی نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے، پورے پاکستان کو پتا لگ گیا ہے کہ نواز شریف کو سازش کے ساتھ نااہل کیا گیا تھا۔احسن اقبال نے کہا کہ 2018ء میں عمران خان کو دھاندلی کے ذریعے پاکستان پر مسلط کر کے پاکستان کو کریش کر دیا گیا، 4 سال بدترین انتقامی کارروائیاں کی گئیں، احتساب کے نام پر عوام کے اربوں روپے اڑائے گئے۔