میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کا میئر کے انتخاب میں اتحاد کا فیصلہ

مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کا میئر کے انتخاب میں اتحاد کا فیصلہ

ویب ڈیسک
هفته, ۲۱ جنوری ۲۰۲۳

شیئر کریں

پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون سندھ کی قیادت نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ دونوں جماعتیں وفاق کی طرح صوبہ سندھ میں کراچی کے مئیر کے انتخابات سے لے کر آنے والے تمام ضمنی اور عام انتخابات میں حلیف جماعت کے طور پر کام کریں گی۔ مسلم لیگ نون کراچی میں مئیر کے انتخاب میں پیپلز پارٹی کا بھرپور ساتھ دے گی۔ سعید غنی نے کہا کہ میئر کا عہدہ ہے ہر کوئی بنانا چاہتا ہے، تاہم اصولی اور اخلاقی طور پر سنگل لارجیسٹ پارٹی کا حق ہوتا ہے اور پیپلز پارٹی اس وقت کراچی کہ سنگل اور لارجیسٹ پارٹی ہے۔ ہم جماعت اسلامی کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں کیونکہ اس شہر کے عوام نے انہیں بھی مینڈیٹ دیا ہے اور ہم مل جل کر اس شہر کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ مئیر کے اختیارات آئین و قانون میں درج ہیں ہمیں کسی کو اپنے جیب سے نکال کر نہیں دینا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز مسلم لیگ نون سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پیپلز پارٹی کا وفد صوبائی وزیر و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی کی قیادت میں شاہ محمد شاہ کی رہائش گاہ پہنچا۔ وفد میں پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی اور نجمی عالم شامل تھے۔ جبکہ اس موقع پر مسلم لیگ نون کے ایڈیشنل سیکرٹری سندھ چوہدری محمد طارق، سید نثار شاہ، رکن قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی، خالد شیخ، کراچی سے کامیاب ہونے والے آٹھ یوسیز کے چیئرمین اور دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، بلدیاتی انتخابات کے بعد کراچی میں صورتحال، جماعت اسلامی سے پیپلز پارٹی کی ملاقات کا احوال سمت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمد شاہ نے کہا کہ آج ہماری صوبائی قیادت کے ساتھ پیپلز پارٹی سے ملاقات ہوئی اور اس ملاقات میں شہر کی تعمیر اور ترقی سمیت دیگر سیاسی امور پر اس بات پر دونوں جماعتوں کا ایک ہی موقف ہے کہ اس شہر اور صوبے کی ترقی کے لئے ہم مل جل کر کام کریئنگے اور مئیر کراچی کے لئے جو بھی امیدوار لائیں گے وہ میرٹ پر ہوگا، امید ہے باقی لوگ بھی ہمارا ساتھ دینگے۔ شاہ محمد شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ہم نے متعدد یوسیز پر کراچی میں اتحاد کے ساتھ الیکشن لڑے ہیں اور انشااللہ آنے والے ضمنی اور جنرل انتخابات میں بھی ہمارا اشتراک ہوگا، انہوں نے کہا کہ نواز شریف بھی جلد پاکستان آئینگے اور 28 ،29 کو مریم نواز بھی پاکستان آرہی ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ہماری آج ملاقات اچھے ماحول میں بات ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کے جتنے لوگ جیتے ہیں ان سے اتحاد تھا اور مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی وفاق میں اتحادی ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ شاہ محمد شاہ نے ہمیں مئیر کراچی کے انتخابات میں بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی کروائی ہے اور انشااللہ ہم دیگر جماعتوں کو بھی ساتھ لے کر مئیر کراچی کے مقابلے میں جائینگے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی روز کہا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جماعت اسلامی کو بھی ساتھ لے کر چلیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ جس طرح کراچی کے عوام نے ہمیں بھاری مینڈیٹ دیا ہے اسی طرح جماعت اسلامی کو بھی مینڈیٹ دیا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ابھی تک ہمارے پاس 96 جبکہ جماعت اسلامی کے پاس 82 نشستیں ہیں جبکہ 43 نشستیں پی ٹی آئی کو ملی ہیں اسی طرح نون لیگ کو 8، جے یو آئی کو 2 اور کچھ آزاد ارکان کو اس شہر کے عوام نے کامیاب بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جماعت اسلامی کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں اور شہر میں ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میئر کا عہدہ ہے ہر کوئی بنانا چاہتا ہے، اصولی اور اخلاقی طور پر سنگل لارجیسٹ پارٹی کا حق ہوتا ہے اور اس وقت وہ پیپلزپارٹی ہے۔ ایک اور سوال پر سعید غنی نے کہا کہ ہر کسی کا حق ہے کہ وہ تمام سیاسی پارٹیوں سے بات چیت کرے اور ہماری پہلی ترجیخ جماعت اسلامی کے ساتھ کام کرنا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں