حیدرآباد اینٹی کرپشن میں ریٹائرڈ چہیتے ملازم کو بھرتی کی تیاریاں
شیئر کریں
(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی) محکمہ اینٹی کرپشن میں ریٹائرڈ چہیتے ملازم کو بھرتی کی تیاریاں، نومبر میں ریٹائرڈ ہونے والے ڈائریکٹر لا رضوان ترمذی کو بھرتی کرنے کیلئے انوکھا اشتہار، 4 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو پروموشن دینے کی بجائے رضوان ترمذی کو بھرتی کرنے کیلئے سمری بھیج دی گئی، سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت ریٹائرڈ ملازم کی خدمات نہیں حاصل کی جاتیں، قانونی ماہرین، تفصیلات کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن میں ریٹائرڈ سرکاری ملازم کو بھرتی کرنے کیلئے قواعد و ضوابط کی دھجیان اڑا دیں گئیں ہیں، روزنامہ جرأت کو ملنے والے دستاویزات کے مطابق نومبر میں ریٹائرڈ ہونے والے اینٹی کرپشن کے ڈائریکٹر لائِ رضوان ترمذی کو بھرتی کرنے کیلئے انوکھا اشتہار جاری کیا گیا جس میں دیے گئے قابلیت پر صرف رضوان ترمذی ہی پورا اترتا ہے، رضوان ترمذی کو لیگل کنسلٹنٹ بھرتی کرنے کیلئے اشتہار میں پبلک سیکٹر میں 25 سال لیگل کنسلٹنٹ کا تجربہ مانگا گیا ہے، چہیتے افسر رضوان ترمذی کو بھرتی کرنے کیلئے اینٹی کرپشن نے وزیراعلیٰ سندھ کو سمری بھیج دی ہے اور امکانات ہیں کہ پیر کو اجلاس میں رضوان ترمذی کی بھرتی کی حتمی منظوری دی جائیگی، ذرائع کے مطابق رضوان ترمذی کمیشن کے بغیر ڈائریکٹ بھرتی ہوئے اور 1995 میں نوکری چھوڑ کر 5 سال نجی پریکٹس کی، حیرت انگیز پر 2001 میں دوبارہ ڈیوٹی جوائن کرکے خود ہی ڈی ڈی او پاور استعمال کرکے 5 سال کی تنخواہیں و دیگر مراعات وصول کیں، اینٹی کرپشن حکام نے بتایا کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو پروموٹ کرنے کی بجائے رضوان ترمذی کو دوبارہ بھرتی کرنے کیلئے قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑا دیں ہیں۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت ریٹائرڈ سرکاری ملازم کی خدمات نہیں لی جا سکتیں، اگر ایسا کیا گیا تو اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کیا جائے گا۔واضع رہے کہ رضوان ترمذی کو ان کے والد عرفان ترمذی نے بطور ڈائریکٹر لاء اینٹی کرپشن نے گریڈ سترہ میں بغیر ٹیسٹ انٹرویو کے مقرر کیا تھا، نوے کی دھائی میں رضوان ترمذی نے اپنی ملازمت سے مستعفی ہوگئے تھے اور پانچ سالوں کے بعد 2001 میں ملازمت پر مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بغیر غیر قانونی طور پر اپنے عہدے پر واپس آگئے، اس کے بعد ان پانچ سالوں کی تمام تنخواہیں اور دیگر مراعات بھی غیر قانونی طور پر حاصل کرلیں تھیں، ذرائع کا کہنا کہ رضوان ترمذی کو دوبارہ ملازمت پر رکھنے کی سمری منظور کرنے کیلئے پیر کے روز کمیٹی کا اجلاس ہوگا، جس میں اس غیر قانونی عمل کی منظوری دی جائے گی۔