این آئی سی وی ڈی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی جانب سے عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی
شیئر کریں
جونیئر گریڈ افسر بی پی ایس۔18کے عہدے پر بطور ایڈمنسٹریٹر غیر قانونی تعینات
میرٹ اور عدالتی فیصلے نظر انداز، ، توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ
قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی)میں اختیارات سے تجاوز کرنے کا معاملہ نہایت سنگین اور تشویشناک صورتحال اختیار کر چکا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق عدالت کے واضح احکامات کی صریحاً خلاف ورزی کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ادارہ امراض قلب کراچی ڈاکٹر طاہر صغیر نے ایک جونیئر گریڈ افسر کو بی پی ایس۔18کے عہدے پر بطور ایڈمنسٹریٹر غیر قانونی طور پر تعینات کیا ہے حالانکہ یہ عہدہ ایک سینئر افسر کے لیے مختص ہے ۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈی کا یہ اقدام اختیارات کے صریح غلط استعمال اور عدالتی احکامات کی واضح توہین کے مترادف ہے ، جو نہ صرف قانونی احکامات کی حرمت کو مجروح کرتا ہے بلکہ اچھی حکمرانی کے اصولوں کو بھی پامال کرتا ہے ۔اس طرح کی غیر قانونی تعیناتیاں ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ میرٹ اور عدالتی فیصلوں کو نظرانداز کرنے کی خطرناک مثال قائم کرتی ہیں۔سول سوسائٹی نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کھلی خلاف ورزی کا فوری نوٹس لیں، عدالت کے احکامات اور انتظامی میرٹ کے مطابق اس عہدے پر تقرری کو یقینی بنائیں۔اور توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کریںاور اس معاملے کی فوری طور پر دوبارہ تحقیق کی جائے ۔


