میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بھارت مقبوضہ کشمیرمیں آبروریزی کوبطورجنگی ہتھیاراستعمال کررہاہے ،رپورٹ

بھارت مقبوضہ کشمیرمیں آبروریزی کوبطورجنگی ہتھیاراستعمال کررہاہے ،رپورٹ

ویب ڈیسک
اتوار, ۲۰ جون ۲۰۲۱

شیئر کریں

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں خواتین بھارتی فورسز کے مظالم کا بدترین شکار ہیںاور بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے انکی آبروریزی کو ایک جنگی آلے کے طورپر استعمال کررہا ہے۔’’متنازعہ علاقوں میں جنسی تشدد کے خاتمے ‘‘ کے آج عالمی دن پر کشمیر میڈیا سروس کی طر ف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ بھارتی فورسز اہلکاروں نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں گزشتہ تین دہائیوں کے دوران 11ہزار2سو44خواتین کو جنسی بے حرمتی کا نشانہ بنایا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت کشمیریوں کو تذلیل کا نشانہ بنانے اور انہیں خوفزدہ کرنے کیلئے خواتین کو دانستہ طور پر ہدف بنا رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ کنن پوشپورہ اجتماعی آبروریزی ، شوپیاں میں آبروریزی اور قتل کا دوہرا واقعہ اور کٹھوعہ میں ایک کم عمر لڑکی آصفہ کی آبروریزی اور قتل بھارتی فورسز اہلکاروں کے وحشیانہ پن کی نشاندہی کرتا ہے۔ بھارتی فوجیوںنے 23فروری1991کی رات ضلع کپواڑہ کے علاقے کنن پوشپورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران سو کے قریب کشمیری خواتین کو آبروریزی کا نشانہ بنایا تھا ۔ باوردی بھارتی اہلکاروںنے 29مئی 2009کو شوپیاںمیں آسیہ اور نیلوفر نامی دو خواتین کو اغوا کر کے آبروزیر ی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا تھا۔ بعد ازاں دوسرے روز ان دونوں کی لاشیں علاقے کے ایک نالے سے برآمد ہوئی تھیں۔ جموں خطے کے علاقے کٹھوعہ میں بھارتی پولیس اہلکاروں اور فرقہ پرست ہندوئوںنے جنوری 2018میں آٹھ سالہ مسلمان لڑکی آصفہ بانو کی اغواکرنے کے بعد اجتماعی آبرو ریزی کی تھی ۔ کم عمر لڑکی کی لاش بعد آزاںجنگل سے برآمد ہوئی تھی۔کے ایم ایس رپورٹ میں افسوس ظاہر کیا گیا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں خواتین کی آبروریز ی کو باقاعدہ ایک سرکاری پالیسی کے تحت منظوری دے رکھی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ علاقے میں اس طرح کے گھنائونے جرائم کی آج تک کوئی تحقیقات نہیں کی گئیں اور نہ ہی ان میں ملوث کسی ایک بھی بھارتی فوجی یا پولیس اہلکار کو سزا دی گئی ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں نے بھی بھارتی فوجیوںکی طرف سے مقبوضہ جموںوکشمیر میں خواتین کی آبرویزر ی کے کئی واقعات رپورٹ کیے ہیں ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بدکار بھارتی فورسز انسانیت پر ایک بدنما دھبہ ہیں۔ کے ایم ایس رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ کشمیری کنن پوشپورہ جیسے آبروریزی کے خوفناک واقعات ہرگز فراموش نہیں کریں گے ۔ رپورٹ میں کہا کہ خواتین کے حقوق کیلئے سرگرم عالمی تنظیموں کو مظلوم کشمیری خواتین کی حمایت میں آواز بلند کرنی چاہیے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں