ایم کیو ایم کا مشرف کو سزائے موت کے فیصلے کیخلاف عوام میں جانے کا اعلان
شیئر کریں
متحدہ قومی مومنٹ پاکستان نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو سنگین غداری کیس میں سزائے موت کے فیصلے کے خلاف عوام میں جانے کا اعلان کر دیا۔سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان عامر خان کا کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف سے متعلق عدالتی فیصلہ انتقامی کارروائی لگتی ہے ۔عامر خان نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اس فیصلے کے خلاف عوام میں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر نے ملک کی خاطر جنگیں لڑی ہیں، سابق صدر کے اقدامات نے بھارت کو لرزہ دیا تھا، پرویز مشرف کی وجہ سے بھارت کی ٹانگیں کانپتی تھیں۔ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر نے کہا کہ خصوصی عدالت کے تفصیلی فیصلے میں جو الفاظ استعمال کیے گئے وہ قابل مذمت ہیں۔وفاقی شرعی عدالت کے اندر قائم ہونے والی خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں 17 دسمبر کو پرویز مشرف کو سزائے موت سنائی تھی جس کا تفصیلی فیصلہ آج جاری کیا گیا ہے۔