
18پاکستانی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے تیار
شیئر کریں
کراچی کے رہائشی دانش الہٰی اور فیصل شفیع نے قومی لباس میں دوڑ مکمل کرنے کا ہدف مقرر کر لیا
یہ محض ریکارڈ کی کوشش نہیں ،پاکستانی ثقافت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا موقع ہے، فیصل شفیع
دنیا کی سب سے قدیم اور مشکل بوسٹن میراتھون میں پاکستانی رنرز اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کو تیار ہیں، 21اپریل کو ہونے والی اس تاریخی دوڑ میں 18پاکستانی رنرز، جن میں ملک اور بیرون ملک مقیم افراد شامل ہیں، حصہ لیں گے ۔ ان میں سے دو رنرز نے پاکستانی قومی لباس شلوار قمیص میں میراتھون مکمل کرکے عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا چیلنج مکمل کرنے پر اپنی نظریں جما لی ہیں۔کراچی کے رہائشی دانش الہٰی اور فیصل شفیع نے بوسٹن میراتھون کے دشوار گزار کورس پر پاکستان کے قومی لباس شلوار قمیص پہن کر چار گھنٹے سے کم وقت میں دوڑ مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔فیصل شفیع نے بتایا کہ یہ محض ایک ریکارڈ کی کوشش نہیں بلکہ پاکستان کی ثقافت کو عالمی سطح پر متعارف کروانے کا موقع ہے ۔دونوں ایتھلیٹس کا کہنا تھا کہ انہیں وقت کی کمی کی وجہ سے شلوار قمیص پہن کر ٹریننگ کا موقع نہیں ملا لیکن وہ پُرعزم ہیں کہ اس ریکارڈ کو بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔ایتھلیٹس نے کہا کہ اس فیصلے کا بنیادی مقصد دنیا بھر میں پاکستان کی ثقافت کو اُجاگر کرنا ہے اور یہ ان کیلئے محض ایک ریکارڈ سے بڑھ کر ہے ۔اس سال کی بوسٹن میراتھون میں چھ پاکستانی رنرز اپنا ”6 اسٹار فنشر” کا سفر بھی مکمل کریں گے ۔ یہ اعزاز ان رنرز کو ملتا ہے جو دنیا کے چھ بڑے میراتھون (بوسٹن، نیویارک، شکاگو، برلن، لندن اور ٹوکیو) مکمل کرتے ہیں۔ بوسٹن میں جو پاکستانی رنرز 6 اسٹارز مکمل کریں گے ان میں دانش الہٰی، عدنان گاندھی، حرا دیوان، یسرا بخاری، نزار نیانی اور جمال خان شامل ہیں۔ کراچی کے معروف رنر عدنان گاندھی نے رمضان کے دوران رات کو ٹریننگ کرکے بوسٹن میراتھون کیلئے اپنی تیاری مکمل کی۔ انہوں نے بتایا کہ ”مارچ میں میں نے 400 کلومیٹر دوڑ لگائی، جن میں سے زیادہ تر راتوں کو لگائی گئیں۔” ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں میراتھون کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔بوسٹن میراتھون میں حصہ لینے والی پاکستانی خاتون رنر حرا دیوان نے کہا کہ ”یہ میری 14 سالہ محنت کا نتیجہ ہے ۔ میں چاہتی ہوں کہ پاکستانی خواتین بھی اس شعبے میں آگے آئیں.انہوں نے بتایا کہ خواتین کے لیے میراتھون دوڑنا ثقافتی چیلنجز کے باوجود ممکن ہے ۔دانش الہٰی کا کہنا تھا کہ یہ ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے کہ وہ اپنے ملک کا نام روشن کرے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ دنیا پاکستان کی مثبت تصویر دیکھے ۔بوسٹن میراتھن میں حصہ لینے والے پاکستانی رنرز میں ڈاکٹر سلمان خان، عامر بٹ، جمال خان، نزار نیانی، حرا دیوان، سلمان الیاس، یسریٰ بخاری، سارہ لودھی، صادق شاہ، عدنان گاندھی، ایاز عبداللّٰہ، دانش الہٰی، امین مکتی، عبدالرحمٰن، فیصل شفیع، عمر ملک، قمر ضیا اور ڈاکٹر راویا بخاری شامل ہیں۔