عمران خان کوچیلنج کرتاہوں کوئی کرپشن کاکیس لائیں شاہد خاقان عباسی
شیئر کریں
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عدم اعتماد وقت پر اور کامیاب ہو گی۔ شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 3 سال سے کہا جارہا ہے ماضی کی حکومتیں مہنگائی کی ذمہ دار ہیں اور آج پتہ چلا پوری دنیا ان کی تباہی کی ذمہ دار ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک دن میں کبھی بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتنا اضافہ نہیں ہوا اور کسی ملک میں ایک ہی روز 12 روپے پیٹرول مہنگا نہیں کیا گیا لیکن یہ بھی ان کا قصور نہیں ہے۔ 5 سال مسلم لیگ ن نے حکومت کی لیکن کبھی بجلی کی قیمتوں میں اتنا اضافہ نہیں ہوا اور پچھلے 2 ماہ میں بجلی کا ریٹ 8 روپے بڑھ گیا جو پہلے کبھی نہیں ہوا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف کوئی کرپشن کا الزام ثابت نہیں ہوا اور پہلے بھی کہا تھا کرپٹ ترین لوگ کابینہ میں بیٹھے ہیں۔ عمران خان کو اوپن چیلنج کرتا ہوں کہ کوئی کرپشن کا کیس لائیں۔ شاہد خاقان نے کہا ہم تو کہتے ہیں کیمرے لگا کر اوپن سماعت کریں، آپ بھی بیٹھیں، ہم بھی بیٹھ جاتے ہیں۔عدالتوں میں اور تفتیش کے دوران بھی کیمرے لگنے چا ہیے۔انہوں نے کہا کہ عوام کا کیا قصور اسے ایسا وزیراعظم ملا ہے۔ 2018 کے انتخابات کی چوری کی حقیقت ساری دنیا پر عیاں ہو گئی ہے۔مراد سعید سے متعلق بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میری ہمدردی محسن بیگ نہیں بلکہ مراد سعید کے ساتھ ہے کیونکہ مراد سعید الیکٹڈ ممبر ہے اور اس کی عزت کو اچھالا گیا۔ مراد سعید کو بھی یہ احساس ہوتا کہ وہ پارلیمنٹ کا ممبر ہے تو پارلیمنٹ میں جاتے اور ہم محسن بیگ سے خود پوچھتے کہ انہوں نے مراد سعید کے خلاف ایسی زبان کیوں استعمال کی۔انہوں نے کہا کہ قانون توڑنے پر محسن بیگ کو جواب دینا ہو گا تاہم کسی کو یہ حق بھی حاصل نہیں کہ صحافی پر تشدد کرے اور جو کچھ آپ نے کروایا اس کا جواب دینا پڑے گا۔محسن بیگ کی ہڈیاں توڑدی گئیں، کسی کو تشدد کا حق نہیں، تشدد کا جواب دینا پڑے گا، وزرا روزگالیاں نکالتے ہیں پھر تو سب کے خلاف مقدمات درج ہونے چاہئیں۔ حکومتی نااہلی کی سزا عوام بھگت رہے ہیں۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کرپٹ لوگ عمران خان کی کابینہ میں بیٹھے ہیں اور آج کوئی بھی شخص عمران خان کے ساتھ چلنے کو تیار نہیں ہے۔ آج بھی لوگ نواز شریف کو یاد کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے ملکی ترقی کے کام کیے۔انہوں نے کہا کہ آج کوئی شخص بھی عمران خان کے ساتھ چلنے کو تیار نہیں ہے اور ہر ہفتے مہنگائی کا ایک نیا سیلاب عوام پر آتا ہے جس کو کوئی جواب نہیں دیتا۔ عدم اعتماد اپنے وقت پر ہو جائے گا اور کامیاب ہو گا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے سڑکوں پر آوں گا تو تمہیں جگہ نہیں ملے گی اور آج کوئی عمران خان کو سننے کو تیار نہیں ہے۔ یہ حزب اختلاف کی فکر نہ کریں۔ وزیر اعظم خود اپنی ناکامی کا اعتراف کر چکے ہیں۔