میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بشار حکومت ختم، سلامتی کونسل کی قرار داد غیر موثر ہوگئی۔احمد الشرع

بشار حکومت ختم، سلامتی کونسل کی قرار داد غیر موثر ہوگئی۔احمد الشرع

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۸ دسمبر ۲۰۲۴

شیئر کریں

دمشق(مانیٹرنگ ڈیسک)شام کے لیے اقوام متحدہ کے ایلچی گیئر پیڈرسن کے ساتھ دارالحکومت دمشق میں اپنی ملاقات کے دوران ھیئہ تحریر الشام کے رہنما احمد الشرع نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی قرار داد 2254 کی شقیں اب درست نہیں رہی ہیں۔ انہوں نے قرار داد پر نظرثانی کا مطالبہ کردیا۔عرب ٹی وی کے مطابق انہوں نے سیاسی منظر نامے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر جنگ بندی سے متعلق سلامتی کونسل کی قرارداد اور ملک میں سیاسی تصفیہ تک پہنچنے کے حوالے سے مذکورہ قرارداد کو اپ ڈیٹ کرنے پر زور دیا۔وجہ یہ ہے کہ 18 دسمبر 2015 کو سلامتی کونسل کی طرف سے جاری کردہ اس قرارداد کی بہت سی شقوں میں اپوزیشن اور حکومت کے درمیان سیاسی حل کے قیام کی ضرورت کو بیان کیا گیا تھا۔ لیکن چونکہ آٹھ دسمبر کو شام کے سابق صدر بشار الاسد کی حکومت کا خاتمہ ہوگیا ہے تو قرار داد کی بعض شقیں قابل عمل نہیں رہیں۔ کیونکہ نئی حکومت میں پرانے نظام کے افراد کے ساتھ کسی بھی قسم کی شراکت داری سے انکار فطری ہے ۔اس قرار داد میں شام میں تمام دشمنیوں کے خاتمے اور جمہوری سیاسی منتقلی کے لیے ایک جامع سیاسی عمل کا آغاز کرنے کی شرط رکھی گئی تھی۔ قرارداد نے اپنی ایک شق میں شہری علاقوں پر فضائی حملے بند کرنے پر بھی زور دیا ہے ۔ اس حوالے سے اب بشار کے فرار ہونے کے ساتھ کسی بھی فضائی حملے کی عدم موجودگی کی روشنی میں اب اس شق کی ضرورت نہیں ہے ۔قرار داد نے 2012 کے جنیوا اعلامیے کی بنیاد پر اقوام
متحدہ کی نگرانی میں ایک جامع سیاسی عمل کے آغاز پر بھی زور دیا جس میں حکومت اور اپوزیشن کے نمائندوں پر مشتمل ایک عبوری حکومت کی تشکیل بھی شامل ہے ۔ یہ معاملہ بھی موجودہ وقت میں زیادہ قابل اطلاق نہیں رہا۔قرار داد نے بین الاقوامی نگرانی میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد پر زور دیا اور تمام شامیوں کی شرکت سے ایک جمہوری حکومت تک پہنچنے کے مقصد سے نئے آئین کے تحت پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کی بات کی ہے ۔ تمام فریقوں سے انسانی حقوق کا احترام کرنے اور آزادی، انصاف اور سیاسی تکثیریت کو یقینی بنانے کے لیے بھی کہا گیا ہے ۔ واضح رہے قرارداد 2254 ملک میں سیاسی عمل کی قیادت میں اقوام متحدہ کے کردار پر بھی توجہ مرکوز کرتی ہے ۔ابو محمد الجولانی کے نام سے معروف رہنے والے احمد الشرع نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ ملک میں نئے آئین کا مطالعہ کرنے اور اس کے قیام کے لیے طریقہ کار شروع کر دیا گیا ہے ۔ شام میں ایک عبوری حکومت محمد البشیر کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ہے تاکہ ملک کا انتظام سنبھالا جا سکے۔ محمد البشیر مارچ 2025 تک ادارے اور وزارتیں چلائیں گے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں