دستانے پہنے ہاتھوں نے سازش سے نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کرایا، شیخ رشید
شیئر کریں
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سیکیورٹی کی یقین دہانی کے باوجود نیوزی لینڈ نے یکطرفہ طور پر دورہ پاکستان منسوخ کردیا،دستانے پہنے ہاتھوں نے سازش سے نیوزی لینڈ کے دورہ منسوخ کرایا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ صبح نیوزی لینڈ کے سیکیورٹی حکام نے ہمارے سیکیورٹی حکام کو دورے کی منسوخی کے حوالے سے آگاہ کیا حالاکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے، ان کی سیکیورٹی پر فوج، ایس ایس جی اور انفینٹری موجود تھی، 4ہزار پولیس اہلکار موجود تھے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے انہیں اس بات پر بھی راضی کرنے کی کوشش کی کہ بغیر تماشائیوں کے یہ میچ کھیلا جائے لیکن جب وہ اس پر بھی راضی نہ ہوئے تو ہمارے ملک کے ذمے داروں نے وزیر اعظم سے تاجکستان میں بات کی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ تاجکستان میں وزیر اعظم کو تمام وصورتحال سے آگاہ کیا گیا اور انہوں نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن سے بات کی اور انہیں کہا کہ ہمارے ملک میں امن و امان بہترین ہے، ہم گارنٹی دیتے ہیں کہ یہاں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی بات پر نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے کہا کہ سیکیورٹی خطرات کا مسئلہ نہیں ہے لیکن ہمیں اس قسم کی اطلاع ہے کہ جب ٹیم باہر نکلے گی تو باہر اس پر کوئی حملہ ہو سکتا ہے لہذا انہوں نے یکطرفہ طور پر یہ دورہ منسوخ کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کی صوابدید پر ہے، ہمارے اداروں کے پاس کسی سیکیورٹی خطرات کی اطلاع نہیں ہے، نہ ہی ہمیں کوئی سیکیورٹی کی دھمکی موصول ہوئی۔شیخ رشید نے کہا کہ ایک ایسے موقع پر جب پاکستان دنیا میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے، پاکستان اس وقت دنیا میں امن اور سکون کا سب سے بڑا داعی ہے اور دہشت گردی کے خلاف مربوط، مضبوط اور جامع ادارے رکھتا ہے تو ایسے میں اس دورے کو ایک سازش کے تحت ختم کیا گیا ہے۔ایک سپر پاور کی جانب سے دورے کی منسوخی کی سازش تیار کرنے کے حوالے سے سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ ہماری تمام سرحدیں محفوظ ہیں، ہم نے امریکا سمیت تمام ملکوں کے لوگوں کے افغانستان سے انخلا کے لیے کوششیں کی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے نہیں پتہ کہ اس سازش کے پیچھے کون ہے، دستانے پہنے ہوئے ہاتھ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتا تھے، افغانستان میں کوئی خونریزی نہیں ہوئی، دنیا نے 20سال بعد دستخط کر کے 30 تاریخ کو اپنی مرضی سے انخلا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان حکومت کو آج 17 دن ہوئے ہیں، اگر کوئی یہ سوچ رہا ہے کہ افغانستان 17 دن میں اسکینڈی نیویا بن جائے گا تو یہ اس کی اپنی سوچ ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے چار مہینے پہلے سے سیکیورٹی ٹیم بھیجی ہوئی تھی، انہوں نے تمام صورتحال کا جائزہ لیا اور اس دورے کی منظوری دی تھی۔