ممنوعہ فنڈنگ کیس عمران خان کا ایف آئی اے کونوٹس پر جواب دینے سے انکار
شیئر کریں
ایف آئی اے کے پاس کارروائی کا اختیار نہیں،جوابدہ ہوں نہ ہی معلومات فراہم کرنے کا پابند ،عمران خان
ایف آئی اے 2 دن میں نوٹس واپس لے ورنہ قانون کے تحت کارروائی کروں گا،چیئرمین پی ٹی آئی کا تحریری جواب
اسلام آباد (بیورورپورٹ)فارن فنڈنگ کیس میں تحقیقات ،سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایف آئی اے کے نوٹس کا جواب دینے سے انکار کر دیا ۔ سابق وزیراعظم نے اپنے تحریری جواب میں کہاکہ آپ کو جوابدہ ہوں نہ ہی معلومات فراہم کرنے کا پابند،دو دن میں نوٹس واپس نہ لیا تو قانون کے تحت آپ کے خلاف کارروائی کروں گا۔عمران خان اور پی ٹی آئی کی طرف سے سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان نے ایف آئی اے کو جواب بھجوایا ،تحریری جواب ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل ، اسلام آباد کی ڈپٹی ڈائریکٹر آمنہ بیگ کو بھجوایاگیا ،عمران خان نے نوٹس بھجوانے کو ایف آئی اے کی بدنیتی قرار دے دیا۔ عمران خان نے جواب دیاکہ پی ٹی آئی سے تفصیلات اور دستاویزات طلب کرنا ایف آئی اے کے زیراثر ہونے کا مظہرہے۔ عمران خان نے ایف آئی اے کے نوٹس کا تحریری جواب میں کہاکہ الیکشن کمشن نے فیصلہ نہیں دیا بلکہ رپورٹ جاری کی ۔ عمران خان نے جواب دیاکہ الیکشن کمشن ایف آئی اے یا کسی اور ادارے کو اس رپورٹ کی بنیاد پر حکم جاری نہیںکرسکتا۔ عمران خان نے جواب دیاکہ ایف آئی اے کے پاس پولیٹیکل پارٹیز آرڈر2002 کے تحت کارروائی کرنے کا اختیار نہیں ،جاری کیاگیا نوٹس ایف آئی اے ایکٹ سے بھی متصادم ہے۔ عمران خا ن نے ایف آئی اے کو جواب دیاکہ سپریم کورٹ متعدد فیصلوں میں الیکشن کمشن کو انتظامی ادارہ قرار دے چکی ہے ،الیکشن کمیشن عدالت ہے نہ ہی ٹریبونل۔ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل نے عمران خان سے بینک اکائونٹس سے متعلق تفصیلات طلب کی تھیں۔