میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
دیکھتی آنکھوں اور سنتے کانوں کو طارق عزیز کا خدا حافظ

دیکھتی آنکھوں اور سنتے کانوں کو طارق عزیز کا خدا حافظ

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۸ جون ۲۰۲۰

شیئر کریں

معروف ٹی وی کمپیئر طارق عزیز انتقال کر گئے۔لاہور کے علاقے گارڈن ٹاون میں طارق عزیز کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، معروف کمپیئر کو والدہ کے پہلو میں سپرد خاک کردیاگیا۔طارق عزیز کی نمازجنازہ میں عزیز و اقارب ، اہل علاقہ اور شوبز شخصیات نے شرکت کی تاہم کرونا وائرس کے باعث بڑے اجتماع سے گریز کیا گیا۔ انہوں نے فلموں میں بھی کام کیا اور نگار ایوارڈ جیتے، طارق عزیز رکن قومی اسمبلی بھی رہے۔ طارق عزیز 1936 میں جالندھر میں پیدا ہوئے، پاکستان قائم ہوا تو خاندان کے ہمراہ پاکستان منتقل ہو گئے، ابتدائی تعلیم ساہیوال میں حاصل کی۔ پاکستان ریڈیو اور ٹیلی ویژن سے کیرئر شروع کیا۔ 1964 میں جب پی ٹی وی کا آغاز ہوا تو پہلے مرد اناونسر ہونے کا اعزاز ان کے حصے میں آیا۔ انہوں نے”انسانیت”، "ہار گیا انسان” سمیت کئی فلموں میں کام کیا اور شاندار اداکاری پر 2 نگار ایوارڈ جیتے۔انہوں نے پی ٹی وی کے معروف پروگرام نیلام گھر سے شہرت پائی۔ کارزار سیاست میں بھی اترے اور رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ طارق عزیز شاعر بھی تھے اور لکھاری بھی، ان کے کالموں کا ایک مجموعہ ’’داستان‘‘ کے نام سے اور پنجابی شاعری کا مجموعہ کلام ’’ہمزاد دا دکھ‘‘ شائع ہو چکا ہے۔طارق عزیز کچھ عرصے سے علیل تھے،بدھ کے روزطبیعت بگڑنے پر خالق حقیقی سے جا ملے، انہوں نے 84 سال عمر پائی۔ پاکستان اور دنیا بھر میں کروڑوں پرستار ان کی وفات پر سوگوار ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے طارق عزیز کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ طارق عزیز نے دہائیوں تک پی ٹی وی کے ذریعے پاکستانی عوام کو تفریح فراہم کی۔ وہ اعلی فنکارانہ صلاحیتوں کی حامل ادبی شخصیت تھے، اپنے پروگرام کو عوام کی تعلیم و تربیت کا ذریعہ بنایا۔ طارق عزیز لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ وفاقی وزیر نے طارق عزیز کی مغفرت کی دعا بھی کی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں