کورونامتاثرہ بھارت میں زمین لاشیں اگلنے لگی،لوگوں میں خوف وہراس
شیئر کریں
بھارت کی پولیس ملک کے شمالی حصے کے گاؤں میں دریا کے کنارے ریت میں دفن کی گئیں سیکڑوں لاشوں کی برآمدگی کے بعد تحقیقات کر رہی ہے جبکہ سوشل میڈیا میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ یہ کووڈ-19 متاثرین کی باقیات ہیں۔ جیپ اور کشتیوں پر سوار پولیس اہلکار لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے لوگوں کو ہدایت کر رہے ہیں وہ لاشوں کو دریاؤں میں نہ پھینکیں اور ہم آپ کی مدد کے لیے حاضر ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر پریاگ راج میں جمعے کو بارش کے بعد دریا کے کنارے سے ریت میں دفن کی گئیں کپڑوں میں لپٹی لاشیں باہر آگئی تھیں۔ریاستی حکومت کے ترجمان نوینیت سہگل نے اپنے بیان میں مقامی میڈیا کی ان رپورٹس کو مسترد کردیا جس میں کہا گیا تھا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کووڈ سے متاثرہ ایک ہزار سے زائد لاشیں دریاؤں سے برآمد کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں یقین سے کہہ رہا ہوں کہ یہ لاشیں کووڈ-19 متاثرہ نہیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گاؤں کے متعدد افراد ہندو روایت کے تحت مذہبی لحاظ سے کچھ دورانیے تک اپنے مردوں کو نہیں جلاتے، انہیں دریا برد کرتے ہیں یا دریا کنارے ان کی قبریں کھودتے ہیں۔سینئر پولیس افسر کے پی سنگھ کا کہنا تھا کہ پریاگراج دریا کے کنارے کووڈ-19 کے باعث ہلاک افراد کی آخری رسومات کے لیے حکام نے اقدامات کیے ہیں اور دریا کے کنارے پر پولیس کسی مردے کی تدفین کی اجازت نہیں دیتی۔نوینیت سہگل کا کہنا تھا کہ ریاستی حکام کو دریا کے کنارے سے لاشیں ملی ہیں لیکن ان کی تعداد کم ہے جو میڈیا پر دی جارہی ہے۔فلاحی تنظیم کے رکن رمیش کمار سنگھ نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور غریب لوگ لاشوں کو دریا میں پھینکتے ہیں کیونکہ آخری رسومات کی ادائیگی مہنگی ہے اور لکڑیوں کی بھی کمی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے 210 امریکی ڈالر لگتے ہیں۔بھارتی حکام نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ریاست بہار میں دریائے گنگا سے 71 لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔حکام نے ان لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا تھا لیکن ان کا کہنا تھا کہ وہ موت کی وجوہات بتانے سے قاصر ہیں۔