ایرانی پیٹرول ،ڈیزل کی اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈائون
شیئر کریں
پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔پاکستان رینجرزسندھ، پولیس اورکسٹم انٹیلی جنس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پرکراچی بن قاسم ٹائون سومر گوٹھ سپرہائی وے اور ملحقہ علاقوں میں3مختلف مقامات پر مشترکہ کارروائی کے دوران ایرانی تیل اور چھالیہ کی اسمگلنگ میں ملوث2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے 5240لیٹر ایرانی ڈیزل، 25 لیٹر پٹرول،2 عدد جنریٹر، 2 عدد لفٹنگ جنریٹر،پائپ، 6 عدد پلاسٹک ٹینک، ایک فلنگ مشین،ایک یوپی ایس، گٹکا فیکٹری، مکسچر، واٹر موٹر،6 عدد چھالیہ کے ڈرم اور 1600 کلو چھالیہ برآمد کر لی ہے۔ترجمان رینجرزکے مطابق پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے اسمگلنگ کے مکمل خاتمے تک آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کو بمعہ ایرانی تیل اور دیگر سامان مزید قانونی کاروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیاگیا ہے۔رینجرزنے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔