شرجیل انعام میمن کے حلقے میں آوارہ کتے بے قابو
شیئر کریں
(نمائندہ خصوصی ) صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کے حلقے میں آوارہ کتے بے قابو، گاؤں نصیر خان پسیو میں کتوں نے معصوم بچی کو بھنبھوڑ ڈالا، ٹنڈوجام رورل ہیلتھ سینٹر میں سگ گزیدگی کی ویکسین ناپید، معصوم بچی کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔سندھ کے سینئر اور طاقت ور وزیر سمجھے جانے والے شرجیل میمن لاہور اور اسلام آباد سے صحافیوں کو بلا کر سندھ میں ترقی کے راگ الاپتے رہتے ہیں۔ مگر حیرت انگیز طور پر ان کے انتخابی حلقے میںتاحال آوارہ کتوں پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کے حلقے ٹنڈوجام و گرد نواح میں آوارہ کتے بے قابو ہوگئے ہیں، آئے دن کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ اور معصوم بچوں سمیت شہریوں کو کاٹنے اور زخمی کرنے کے واقعات رونما ہو رہے ہیں لیکن ٹنڈوجام میونسپل کارپوریشن سمیت متعلقہ یونین کونسلز کے ذمہ داران کتوں کے خلاف مہم شروع نہیںکر سکے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ٹنڈوجام کے نواحی گاؤں نصیر خان پسیو کے رہائشی اقبال پسیو کی 10 سالہ بچی انذر گھر سے کھیلنے نکلی تو آوارہ کتوں نے اس پر حملہ کرکے چہرے پر کاٹ کر شدید زخمی کر دیا، بچی کو رورل ہیلتھ سینٹر ٹنڈوجام لایا گیاجہاں طبی امداد دینے کے بعد تشویشناک حالت میں حیدرآبادسول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ یاد رہے کے گزشتہ چند روز قبل کھسیانہ موری تاج پور پھاٹک کے قریب درویش صفت انسان سچل شیدی کو بھی آوارہ کتوں نے حملہ کرکے شدید زخمی کردیا تھا، حیرت انگیز طور پر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کے حلقے کے اہم شہر ٹنڈوجام کے رورل ہیلتھ سینٹر میں سگ گزیدگی کی ویکسین ہی موجود نہیں ہے جس کے باعث سگ گزیدگی کے متاثر ہ افراد کو سول ہسپتال حیدرآباد منتقل کیا جاتا ہے ۔