میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ اسمبلی میں تجاوزات مسمار نہ کرنے کی قرارداد منظور

سندھ اسمبلی میں تجاوزات مسمار نہ کرنے کی قرارداد منظور

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۷ نومبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

(رپورٹ: علی کیریو)سندھ اسمبلی میں بورڈ آف روینیو، لینڈ یوٹلائیزیشن اور ڈولپمنٹ اتھارٹیز کے قوانین کے خلاف بنائے گئے گھر، عمارتیںاور دوسری تعمیرات یا تجاوزات کو مسمار نہ کرنے اور ریگیولرائیز کرنے کی قرارداد منظور کرلی، جبکہ اپوزیشن نے قرارداد کی شدید مخالفت کرتے ہوئے اسپیکر کی ڈائیس کے سامنے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں اور نعرے بازی کی۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس پینل آف چیئرمین شرجیل میمن کی زیر صدارت شروع ہوا، اجلاس کی معمول کی کارروائی معطل کرتے ہوئے پیپلز پارٹی ایم پی اے ندا کھڑو کو نسلہ ٹاو ر تجاوزات سے متعلق قرارداد پیش کرنے کی اجازت دی گئی، ندا کھڑو نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی ملکیت اور سرمایہ کاری کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمے داری ہے اور شہری حکومتی اداروں کی طرف سے جاری کئے گئے دستاویزات پر اعتماد کرتے ہیں، صوبے میں آبادی میں اضافے کے باعث کئی گھر، عمارتیں اور دوسری تعمیرات زمین سے متعلق قوانین اور بلڈنگ کنٹرول سے متعلق قوانین کے خلاف تعمیر ہوگئے ہیں ، حکومت قرارداد کی روشنی میں تجاوزات کا تحفظ کرے اورریگیولرائیز کیا جائے ، جبکہ تجاوزات میں ملوث افسران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ ندا کھڑو نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سب کے پاس چھت ہو، کسی کو چھت سے محروم کرنا مسئلے کا حل نہیں، اگر ماضی میں کسی افسر نے غفلط کی ہے تو اس سے اور بلڈر سے سوال کیا جائے۔ قرارداد پر بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے ایم پی اے محمد حسین سید نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قرارداد سپریم کورٹ کے احکامات کے منافی ہے ، حکمراں جماعت قرارداد منظور کرکے اعلیٰ عدلیہ سے جگھڑا کرنا چاہتی ہے، قرارداد کو رد کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی ایم پی اے ارسلان تاج نے کہا کہ نسلہ ٹاو ر کے ریگیولر کرنے کے بہانے سے صوبے میں تمام تجاوزات کو قانونی قرار دینے کی کوشش کبھی تسلیم نہیں کریں گے،کے ڈی اے ، ایس بی سی اے اور محکمہ روینیو کی منظوری کے بعد عمارت تعمیر ہوئی ہے ، عمارت بننے کے لئے افسران نے ٹیبل کے نیچے پیسے لئے ہیں، افسران کینیڈا اور آسٹریلیا چلے گئے، افسران کے اثاثاجات ضبط کرکے جیل میں ڈالا جائے اور نسلہ ٹاور متاثرین کو حکومت سندھ یا بلڈر معاوضہ ادا کرے۔ وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا کہ اسلام آباد میں بنی گالا تجاوزات کو ریگیولرائیز کیا گیا اور ہم نے سپریم کورٹ کے احکامات تسلیم کیئے، کراچی مین بحریہ ٹائون تجاوزات کو ریگیولرائیز کرکے بحریہ ٹائون پر جرمانہ عائد کیا گیا، یہ دیکھا جائے کہ کراچی میں تجاوزات کا سلسلہ کب شروع ہوا ، سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کی پٹیشن پر سپریم کورٹ کا فیصلہ دیکھا جائے سب پتا چل جائے گا، تجاوزات کروانے میں ملوث سیاستدانوں کوافسران کے ساتھ سزا دینے کی تجویز بھی قراراداد میں شامل کی جائے، ہم سزا بگھتنے کے لئے تیار ہیں۔ پی ٹی آئی ایم پی اے خرم شیر زمان نے کہا کہ وزیر بلدیات سعید غنی تھے اور ان کے ماتحت اداروں نے تجاوزات کی منظوری دی اس لئے سعید غنی وزارت اور اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوں۔ جماعت اسلامی کے ایم پی اے سید عبدالرشید نے کہا سندھ بھر میں تجاوزات سے متعلق فیصلوں کے لئے اسمبلی میمبران پر مشتمل ٹاسک فورس بنائی جائی، نسلہ ٹاور کے متاثرین کو معاوضہ دیا جائے اور بلڈر کو گرفتار کیا جائے۔ پی پی ایم پی اے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے رہائشی سے کمرشل مقاصد کے لئے استعمال کی منظوری دی، این او سی سابق یوسی ناظم سیف الدین نے جاری کی۔

 


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں