علی زیدی کا عدالت پہنچنے پر کارکنوں کی جانب سے شاندار استقبال
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی حیدر زیدی کو ملیر کی سیشن عدالت میں پیش کردیا گیا۔ علی زیدی کے عدالت پہنچنے پر کارکنان کی جانب سے ان کا بھرپور استقبال، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور انکے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔اس موقع پر سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، مبین جتوئی، آفتاب صدیقی، فردوس شمیم نقوی، ارسلان تاج، خرم شیر زمان، بلال غفار، شہزاد قریشی، سدرہ عمران، فہیم خان، عطا اللہ، نثار شر سمیت اراکین اسمبلی اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھی۔عدالت میں دونوں فریقین کی جانب سے دلائل پیش کیے گئے۔ علی زیدی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ کیس سول عدالت کا بنتا ہے کریمنل کیس نہیں ہے۔ ٹرانزیکشن کیسے ہوئی ہے ایف آئی آر اس حوالے سے بلینک ہے۔ کوئی بینک چیک یا مدعی مقدمہ اور علی زیدی کے درمیان لین دین کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا ہے۔ مدعی مقدمہ کی پراپرٹی سے متعلق بھی کوئی دستاویزات پیش نہیں کیے گئے۔ علی زیدی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مدعی مقدمہ نے 2013سے اب تک کہیں کوئی درخواست نہیں دی ہے۔اس موقعے پر علی زیدی کے وکیل نے عدالت سے سوال کیا کہ کیا پولیس کو یہ اختیار ہے کہ اس طرح کے کیسز میں مقدمہ درج کرے۔ اس موقع پر عدالت نے علی زیدی کو روسٹرم پر طلب کیا اور پولیس کو ہتھکڑی کھولنے کا حکم دیا۔ علی زیدی کی جانب سے گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر عدالت کو آگاہ کیا گیا۔