عمران خان سے ڈاکٹرز کی اڈیالہ جیل میں ملاقات
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹرز کی ٹیم نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے اور وہ خیریت سے ہیں اور انہوں نے آج ایک گھنٹہ ورزش کی۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر سے واپس چلے گئے اور انہیں سابق وزیر اعظم سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔تفصیلات کے مطابق شوکت خانم ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر عاصم حسین بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور ان کے طبی معائنے کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔رپورٹ کے مطابق ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ڈاکٹر عاصم نے سیکیورٹی عملے کو اپنے کوائف نوٹ کروائے اور اس کے بعد بغیر بتائے واپس روانہ ہوگئے اور عمران خان سے ملاقات نہیں کی۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سرکاری ڈاکٹر، طبی ماہرین اور ایک ای این ٹی اسپیلسٹ کے ساتھ جیل پہنچے تھے۔بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج شام تقریباً 4 بجے ڈاکٹروں نے اڈیالہ جیل میں خان صاحب سے ملاقات کی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا کہ الحمدللہ خان صاحب خیریت سے ہیں اور انہوں نے آج ایک گھنٹہ ورزش کی، ہم جلد ہی ان سے میڈیکل رپورٹس حاصل کریں گے اور میں آپ کے ساتھ شیئر کروں گا۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کے ہر کارکن اور سپورٹر کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو خان صاب کی صحت کے بارے میں فکر مند تھے۔