لانگ مارچ اور دھرنا قانون کے مطابق نہ ہوا تو ایکشن لیں گے ، نعیم الحق
شیئر کریں
وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے واضح کیا ہے کہ حکومت کو سیاسی سرگرمیوں پر کوئی اعتراض نہیں،لانگ مارچ اور دھرنا قانون کے مطابق نہ ہوا تو ایکشن لیں گے ، شہباز گل کووزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے تحفظات پر ہٹایا گیا، انہیں وفاق میں بڑا عہدہ دیا جا رہا ہے ،پاکستان جنگ نہیں چاہتا مگر مودی سرکار مذاکرات سے انکاری ہے ۔ مانچسٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا کہ اقوام متحدہ میں کشمیر کے مسئلے کو اٹھائیں گے ، اگر اس معاملے پر پاک بھارت جنگ ہوئی تو اس کی ذمہ داری اقوام عالم پر ہو گی،پاکستان جنگ نہیں چاہتا مگر مودی سرکار مذاکرات سے انکاری ہے ۔ نعیم الحق کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر پولیس اسٹیٹ بن چکی ہیں،اگر بین الاقوامی طاقتوں نے اقدامات نہ کئے تو کشمیری لائن آف کنٹرول توڑ سکتے ہیں۔نعیم الحق نے بتایا کہ وزیراعظم محمد بن سلیمان سے ملکر مسئلہ کشمیر کی سنگینی کے بارے میں آگاہ کریں گے ، انہوں نے بتایا کہ صدر ٹرمپ بھی مودی کے کشمیر بارے مذاکرات سے انکار پر حیران ہیں۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف کا دھرنا اور لانگ مارچ قانون کے مطابق ہوا تو ٹھیک ورنہ کارروائی کریں گے ، قانون اور آئین کے تحت کوئی بھی سرگرمی ہو گی تو اس کا احترام کیا جائے گا اور اگر اسے توڑا گیا تو پھر ہم برداشت نہیں کریں گے ۔ ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل کے معاملے پر معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ انہیں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے تحفظات پر ہٹایا گیا،تاہم انہیں وفاق میں بڑا عہدہ دیا جا رہا ہے ۔