میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آنے والا کل

آنے والا کل

ویب ڈیسک
اتوار, ۱۶ اگست ۲۰۲۰

شیئر کریں

دوستو،کہتے ہیں کہ انسان کو اگلے پل کا علم نہیں ہوتامگر پھر بھی وہ مستقبل کی پلاننگ بہت دھوم دھام سے کرتا ہے۔بچی کے پیدا ہوتے ہی اس کے جہیز کی فکر لگ جاتی ہے، بچے کے پیدا ہوتے ہی اس کے کسی اچھے اسکول میں داخلے کی ٹینشن شروع ہوجاتی ہے۔۔کل کیا ہونے والا ہے ، اس کا علم تو خدا کے علاوہ کسی کو نہیں تاہم آج کل حالات جس ڈگر پر جار ہے ہیں ان کی روشنی میں آج سے تقریباً چالیس سال بعد کا منظرنامہ کیا ہوگا؟ نیوزچینلز میں خبریں کس قسم کی چلا کریں گی۔۔؟ آئیے مل جل کر ذرا سوچتے ہیں۔۔
شریف خاندان سے تعلق رکھنے والی مریم نواز تیسری بار وزیراعظم منتخب ہوگئیں۔۔ پنجاب کا وزیراعلی ان کی صاحبزادی مہرالنسا کو بنایا گیا ہے۔۔سندھ میںمراد علی شاہ مسلسل دسویں بار وزیراعلیٰ بن گئے، جب کہ پرویز خٹک نے سیاست سے علیحدگی کے بعد ڈانس اکیڈمی کھول لی۔مولانا فضل الرحمان نے مریم نواز کو تیسری بار وزیراعظم بننے کی مبارک باد دی ہے جس کے جواب میں شریف خاندان کے ذرائع نے انہیں کشمیر کمیٹی کا چیئرمین بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔۔بلاول بھٹو نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران نعرہ مستانہ بلند کردیا کہ۔۔مرسوں ،مرسوں، سندھ نہ ڈیسوں۔۔شیخ رشید نے مریم نواز کی حکومت اکتوبرتک چلنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے سگار کا ’’سوٹا‘‘ لگایا اور انکشاف کیا کہ اپوزیشن جماعتیں جلد مل جل کر ٹرین مارچ کریں گی۔۔ جب ایک صحافی نے سوال کیا کہ ٹرینیں کہاں چل رہی ہیں، چالیس سال قبل آپ کے پاس ریلوے کی وزارت تھی تو ساری ٹرینوں کا بیڑہ ہی غرق ہوگیا تھا۔۔ جس پر شیخ رشید نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ۔۔ ریلوے خسارے میں تھی، ٹرین کے ’’پین چر‘‘ لگانے تک کے پیسے نہیں ہوتے تھے۔۔
بھارتی آرمی چیف جنرل سنی دیول نے اپنا ڈھائی کلو ہاتھ لہراتے ہوئے بڑھک ماری ہے کہ وہ ٹینک پر بیٹھ کر لاہور جائیں گے اور’’کوبے‘‘ کی چائے پئیں گے، بھارتی فوج کے سربراہ کے اس بیان کو بھارتی میڈیا بہت سراہا رہا ہے،بھارتی چینل کے اینکر ’’ارے جناب گھس مامی‘‘ نے اپنے پروگرام میں ’’سوتروں کے انوسار‘‘ انکشاف کیا ہے کہ بھارتی فوج نہ صرف لاہور میں چائے پئے گی بلکہ پشاور کا چرسی تکہ، کراچی کی نہاری ، قصور کا فالودہ اور پنڈی کے ’’پائے‘‘ سے بھی لطف اندوز ہوں گی۔۔ جس پر معروف پاکستانی دفاعی تجزیہ کار زید حامد کا کہنا ہے کہ۔۔ بھارتی فوج کی بہن کا ولیمہ ہے جو وہ پاکستان میں آکر شہرشہر جاکر کھانے کھائے گی۔زیدحامد نے قہقہہ لگاتے ہوئے بتایا کہ۔۔بھارتی فوج کو واقعی پنڈی کے ’’پائے‘‘ سے لطف آئے گا، ایک بار آکر تو دیکھے، اس بار دہلی کے لال قلعہ پر سبز ہلالی پرچم لہرانے سے ہمیں کوئی نہیں روک سکے گا۔۔
بھارت نے پاکستان پر الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ ماہ اس کے خلائی اسٹیشن میں ہونے والی تباہی کا ذمہ دار پاکستان ہے۔بھارت کی وزیرخارجہ کرینہ کپور نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ الزام عائد کیا کہ بھارت کے خلائی اسٹیشن میں ہونے والی دہشت گردی کی منصوبہ بند ی پاکستان میں اجمل قصاب کے پوتے نے کی۔جب ان کی توجہ اس امر کی جانب مبذول کروائی گئی کہ اجمل قصاب گزشتہ چالیس سال سے بھارت کی تحویل میں ہے اور اس کی شادی بھی نہیں ہوئی تو کرینہ کپورنے اطمینان سے جواب دیا کہ’’بچے پیدا کرنے کے لیے شادی کرنا ضروری نہیں!‘‘ ۔
افغانستان کے ایک مدرسے کی تحقیق کے مطابق مرد، عورتوں کے مقابلے میں زیادہ سخت جان اور عقل مند ہوتے ہیں۔تورا بورا کے ’’علماء ‘‘ کی ایک تحقیقاتی ٹیم دو سال کی محنت شاقہ کے بعد اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ عورتوں کے مقابلے میں مردوں میں سوچنے سمجھنے کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے۔’’ریسرچ‘‘ کے مطابق مرد ،ہر اعتبار سے عورت سے برتر مقام رکھتا ہے اس لیے اسے حق حاصل ہے کہ وہ عورت کی زندگی کے تمام فیصلے کرے کیونکہ عورت میں یہ اہلیت نہیں ہوتی کہ وہ اچھے برے کا ادراک کر سکے۔
پیرس کے ایک ہسپتال میں ایک عورت نے حیرت انگیز طور پر ایک بچے کو ’’نارمل ڈیلوری ‘‘ کے بعد جنم دیا۔تفصیلات کے مطابق لیزا نامی ایک عورت نے کئی سالوں بعد پیرس میں ایک ایسے بچے کو جنم دیا ہے جس کی پیدائش بالکل نارمل طریقے سے ہوئی اور کسی قسم کے ٹیسٹ ٹیوب بے بی یا کلوننگ ٹیکنیک کا سہارا نہیں لیا گیا۔پورے فرانس سے لوگ جوق در جوق اس بچے کو دیکھنے کے لیے آ رہے ہیں جسے فی الحال ڈاکٹروں نے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا ہے۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے یوگنڈا کو ایک روزہ میچوں کی سیریز میں سخت مقابلے کے بعد 3-2سے شکست دے دی۔ اس جیت کے بعد پاکستان نے اس سال ہونے والے ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مقابلوں میں شرکت کے لیے جگہ بنا لی ہے۔ کرکٹ بورڈ کے چیرمین مولانا محمد یوسف نے اس جیت پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اس جیت کے خاطر خاص طور پر چلہ کاٹا تھا اور داتا صاحب جا کر محفل سماع بھی منعقد کروائی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ٹیم صالح نوجوانوں پر مشتمل تھی جس کی وجہ سے وہ کفار کے لشکر کو ہرانے میں کامیاب رہی۔
لالی وڈ کی پچیاسی سالہ سدا بہار اداکارہ میرا نے پندرہویں شادی کر لی ہے۔میرا کی نکاح کی تقریب گزشتہ روز لاہورکے ایک مقامی مدرسہ میں سادگی سے انجام پائی۔ میرا کے تازہ ترین خاوند کا تعلق درہ آدم خیل سے ہے اور موصوف کی بھی یہ بارہویں شادی ہے۔واضح رہے کہ میرا نے گزشتہ کئی دہائیوں سے فلموں سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے اور آج کل وہ عورتوں کے لیے حجاب تیار کرنے والی فیکٹریوں کی ایک ’’چین‘‘ چلا رہی ہیں۔ اس نمائندے نے جب ان سے ان کی شادی کے بارے میں تاثرات جاننے کی کوشش کی تو انہوں نے یہ کہہ کر بات کرنے سے انکار کر دیا کہ وہ نا محرموں سے بات نہیں کرتیں۔ماضی کے سپر اسٹار مولوی شان نے میرا کا نکاح پڑھوایا اور انہیں نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا ۔
اب موسم کا حال۔۔کراچی میں برف باری نے اگلے پچھلے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، ملک بھر سے بڑی تعداد میں سیاح برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے پہنچ گئے ہیں، برف باری کے باعث سڑکوں اور گلیوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔۔ جگہ جگہ ’’گولا گنڈا‘‘ بیچنے والوں نے اپنے پتھارے سیٹ کرلیے ہیں۔۔ جب کہ سندھ حکومت نے فوری طور پر نالوں کی صفائی کے لیے ایک سو ارب روپے جاری کردیئے ہیں لیکن میئر کراچی کا کہنا ہے کہ اس کے پاس اتنے اختیارنہیں کہ وہ نالے تک صاف کراسکیں۔۔ میئر کراچی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ۔۔ نالوں پر قائم تجاوزات کے باعث برف باری سے شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔۔کے الیکٹرک نے بھی شہر بھر کی بتی بند کردی ہے، ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ عوام کھمبے سے دور رہیں، ورنہ اس برف باری میں قلفی جمنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔۔
اور اب چلتے چلتے آخری بات۔۔تمام پیڑ توخود ہی جلا دیئے لوگوں نے ،عجیب قوم ہے پھرسایہ تلاش کرتی ہے۔۔ خوش رہیں اور خوشیاں بانٹیں۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں