میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پیسے دو،فائلیں لو‘کمپیوٹر زکے اغوا برائے تاوان میں اضافہ۔ ۔ !!

پیسے دو،فائلیں لو‘کمپیوٹر زکے اغوا برائے تاوان میں اضافہ۔ ۔ !!

ویب ڈیسک
منگل, ۱۶ مئی ۲۰۱۷

شیئر کریں

ہزاروں کمپیوٹروں میںWannaCry نامی رینسم ویئر دیکھا گیا ہے،سائبر ماہرین ۔Avast اینٹی وائرس کے جیکب کروسٹیک نے اسے بڑا حملہ قراردے دیا
ماہرین کے مطابق اس کمپیوٹروائرس کا تعلق ایک ہیکر گروپ ‘دی شیڈو بروکرز’ سے ہے جس نے امریکی ایجنسی سے ہیکنگ ٹولز چرا کر نشر کرنے کا دعویٰ کیا تھا
ابو محمد
امریکا، برطانیہ، چین، روس، اسپین، اٹلی اور تائیوان سمیت 99 ملکوں میں رینسم ویئر کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔رینسم ویئر وہ کمپیوٹر وائرس ہوتا ہے جس کی مدد سے وائرس کمپیوٹر یا فائلیں لاک کر دیتا ہے اور اسے کھولنے کا معاوضہ مانگا جاتا ہے۔یورپ کی پولیس ایجنسی کا کہنا ہے کہ غیر معمولی پیمانے پر سائبر حملے نے دنیا کے مختلف اداروں کو نشانہ بنایا ہے جس میں برطانوی ادارہ نیشنل ہیلتھ سروس بھی شامل ہے۔ یوروپول نے کہا ہے کہ اس سائبر حملے کے ذمہ داران تک پہنچنے کے لیے پیچیدہ بین الاقوامی تحقیقات کی ضرورت ہے۔اگرچہ اس کا پھیلاو¿ اب کم ہوتا دکھائی دے رہا ہے تاہم اس کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔
یوروپولیس نے کہا ہے کہ اس کی EC3نامی ٹیم متاثرہ ممالک میں موجود ایسی ہی ٹیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ خطرے کو کم کیا جا سکے اور متاثرین کی مدد کی جائے۔سائبر سکیورٹی کے ماہرین ان واقعات کو ایک مشترکہ حملے کی صورت میں دیکھ رہے ہیں۔ ایک ماہر نے ٹویٹ کیا کہ انھوں نے ہزاروں کمپیوٹروں میں وانا کرائی (WannaCry) نامی رینسم ویئر دیکھا ہے۔اینٹی وائرس سافٹ ویئر Avast کے جیکب کروسٹیک نے کہاکہ یہ بہت بڑا حملہ ہے۔بعض ماہرین کے مطابق اس کمپیوٹر انفیکشن کا تعلق ایک ہیکر گروپ ©”دی شیڈو بروکرز“ سے ہے جس نے حال ہی میں امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی سے ہیکنگ ٹولز چرا کر نشر کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
مائیکروسافٹ کمپنی نے گزشتہ مارچ میں اسی قسم کے حملے سے بچنے کے لیے ایک پیچ جاری کیا تھا لیکن بہت سے کمپیوٹروں میں یہ انسٹال نہیں ہو سکا۔بعض سکیورٹی ماہرین نے توجہ دلائی ہے کہ یہ انفیکشن ورم نامی ایک پروگرام کی مدد سے پھیلائے گئے ہیں جو کمپیوٹروں کے درمیان از خود منتقل ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ یورپ کے کئی اور ادارے بھی زد میں آئے ہیں۔ ٹیلی کام کمپنی ٹیلی فونیکا نے ایک بیان میں کہا کہ اسے سائبر حملوں کے واقعات کا پتہ چلا ہے لیکن اس سے اس کے گاہک اور سروسز متاثر نہیں ہوں گے۔بجلی فراہم کرنے والی کمپنی آئبرڈرولا اور گیس نیچرل بھی متاثرین کی فہرست میں شامل ہیں۔اطلاعات کے مطابق کمپنیوں کے عملے کو کہا گیا تھا کہ وہ اپنے کمپیوٹر بند کر دیں۔
وانا کرائی کے پیغامات کے اسکرین شاٹس ویب پر گردش کر رہے ہیں۔بعض دوسری تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ اٹلی میں ایک یونیورسٹی کے کمپیوٹر اسی پروگرام نے لاک کر دیے ہیں۔کہا جا رہا ہے کہ اس رینسم ویئر سے منسلک بِٹ کوئن کے بٹوے رقم سے بھرنا شروع ہو گئے ہیں۔ دوسرے متاثرہ اداروں میں کوریئر کمپنی فیڈ ایکس اور پرتگال ٹیلی کام شامل ہیں۔سکیورٹی انجینئر کیون بومونٹ نے کہاکہ یہ ایک بڑا حملہ ہے جس سے یورپ بھر کے ادارے اس پیمانے پر متاثر ہوئے ہیں جو میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔
ایک اور سائبر سکیورٹی ادارے چیک پوائنٹ کے مطابق یہ رینسم ویئر نیا ہے۔ ادارے کے ایک اہلکار آتیش پتنی نے کہا:یہ نیا وائرس ہے اس کے باوجود یہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ کچھ عرصے قبل بھی سائبر ماہرین نے صارفین کو متنبہ کیا تھا کہ ہیکنگ کے ذریعے تاوان کے خدشات بڑھ گئے ہیں ۔ایسی ڈیوائسز جن میں تصاویر، ای میلز اور صحت سے متعلق معلومات ہوں نشانہ بن سکتی ہیں۔سائبر سکیورٹی کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اسمارٹ فون، گھڑیاں، ٹی وی اور فٹنس ٹریکرز کے ذریعے لوگوں کی ذاتی معلومات چوری کر کے ان سے تاوان لینے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ رینسم ویئر کے ذریعے ان ڈیوائسز کو ان کے اپنے ہی مالک استعمال نہیں کر سکتے اور ان لاک کرنے کے لیے انھیں تاوان کی رقم دینا ہوتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایسا گزشتہ برسوں میں بہت زیادہ ہوا ہے۔ نیشنل کرائم ایجنسی اور سائبر سکیورٹی سینٹر کا کہنا ہے کہ بزنس کو اس سے ہونے والے نقصانات بڑھ رہے ہیں۔ان دونوں اداروں کی مشترکہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سائبر جرائم برھتے جا رہے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے جتنی زیادہ ڈیوائسز کو انٹرنیٹ سے منسلک کیا جائے گا اس سے جرائم کے مواقع اتنے ہی زیادہ بڑھیں گے۔کسی چھوٹے کاروبار یا عوام کو نشانہ بنانے کے لیے بہت ہی کم تکنیکی صلاحیت کی ضرورت ہوتی ہے۔ذاتی معلومات کو جیسا کہ تصاویر وغیرہ جنھیں لوگ بہت اہم سمجھتے ہیں اور ان کے بدلے رقم بھی دیتے ہیں، مجرم زیادہ نشانہ بناتے ہیں۔ان ڈیوائسز میں ایک محدود حد تک سکیورٹی ہوتی ہے۔
اس رپورٹ میں ان تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا ہے کہ جرم کا ارتکاب کرنے والے گینگز ویسے ہی اعلیٰ ٹیکنالوجی آلات استعمال کرتے ہیں جو ریاست اپنے اداروں کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کرتی ہے۔ اس وقت دنیا بھر میں 21 لاکھ ڈیوائسز استعمال ہو رہی ہیں جن کے بارے میں یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ وہ 2020 تک انٹرنیٹ سے منسلک ہو جائیں گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں