بچی اغوا کیس ،سرفراز بگٹی کی ضمانت منسوخ،پولیس نے گرفتار کرلیا
شیئر کریں
ایڈیشنل سیشن جج کوئٹہ منیر احمد نے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سینیٹر میر سرفراز خان بگٹی کی بچی اغوا کیس میں ضمانت منسوخ کر دی جس کے بعد سرفراز بگٹی کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے ۔ سرفرازبگٹی اور بچی کے والد اس مقدمہ میں نامزد ہیں۔ بچی کے اہلخانہ نے سرفراز بگٹی کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔سرفرازبگٹی پر کمسن بچی کو زبردستی ساتھ لے جانے کا الزام ہے ۔ 10سالہ ماریہ نامی بچی کا کیس کوئٹہ کی فیملی کورٹ میں تھا اور عدالت نے بچی کے والد توکل بگٹی کو دو گھنٹے اپنی بچی سے ملاقات کی اجازت دی تاہم وہ بچی کو اپنے ساتھ زبردستی گھر لے گیا ۔ اس واقعہ کے بعد بچی کے ماموں نے تھانے میں مقدمہ درج کروایا کہ سرفراز بگٹی کی حمایت اور ایماء پر بچی کو اغوا کیا گیا ۔ اس کے بعد سرفراز بگٹی نے عدالت سے ضمانت کروا لی تھی تاہم جمعرات کے روز جب سرفراز بگٹی عبوری ضمانت میں توسیع کے لئے پہنچے تو عدالت نے ان کی ضمانت منسوخ کر دی اور پولیس کو انہیں گرفتار کرنے کا حکم دیا جس کے بعد پولیس نے انہیں حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے ۔