مقبوضہ کشمیر،بھارتی فورسز کی سخت نگرانی میں پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا
شیئر کریں
ڈرونز اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سخت نگرانی کے باوجود کشمیری عوام کا پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار
پاکستان کے یوم آزادی پر خوشی کا اظہار ،پٹاخے پھوڑے ،سبز اور سفید رنگ کے غبارے ہوا میں چھوڑے گئے
سری نگر (نیوز ڈیسک)کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسزکی بھاری تعداد میں تعیناتی، ڈرونز اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سخت نگرانی کے باوجود کشمیریوں نے پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کیلئے سرینگر، بارہمولہ، بڈگام، شوپیاں، پلوامہ، اسلام آباد، کولگام اور جموں کے کئی علاقوں میں پاکستانی پرچم لہرائے۔کے ایم ایس نے بتایا کہ کشمیری عوام نے پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر میں شہریوں نے بھارتی فورسز کی جانب سے انتقامی کارروائی کی پرواہ کیے بغیر پاکستان کے یوم آزادی پر اپنی خوشی کا اظہار کیلئے پٹاخے پھوڑے اور سبز اور سفید رنگ کے غبارے ہوا میں چھوڑے۔کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ نوجوانوں نے بارہمولہ اور بڈگام کے علاقوں میں بھارتی پرچم نذرآتش کردیے جو بھارتی حکام نے انہیں زبردستی دیے تھے۔کے ایم ایس کے مطابق کشمیری کل بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماں اور تنظیموں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کو یوم آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے ملک میں امن اور خوشحالی کیلئے دعا کی ہے۔