میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
شہری و صوبائی اداروں میں نئی لڑائی ،حکومت سندھ خاموش

شہری و صوبائی اداروں میں نئی لڑائی ،حکومت سندھ خاموش

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۵ جون ۲۰۱۷

شیئر کریں

ادارہ برائے ترقیات نے نے محکمہ اسکول ایجوکیشن سے کرایے و یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی کے ساتھ سوک سینٹرسے دفاترخالی کرنے کا حکم جاری کردیا
حکومت سندھ کو تو بس اس بات کی فکر ہے کہ کس طرح آصف زرداری اور فریال تالپر کو راضی رکھا جائے،اداروں میں ہم آہنگی کے لیے سنجیدہ اقدام ضروری
الیاس احمد
جب حکومتیں کمزور ہو جاتی ہیں تو پھر ادارے اور محکمے خود سر بن جاتے ہیں اور تنازعات ایک جنگ کی شکل اختیار کر جاتے ہیں پھر انہیں روکنے والا کوئی نہیں ہوتا۔ یہی صورتحال آج کل سندھ کے شہری اور صوبائی اداروں کی ہے’ ایک تماشہ لگا ہوا ہے لیکن مجال ہے کہ حکومت سندھ اس پر کچھ بولے ’حکومت سندھ کو اس سے کیا واسطہ کہ ادارے آپس میں لڑیں ‘حکومت سندھ کو تو بس اس بات کی فکر ہے کہ کس طرح آصف زرداری اور فریال تالپر کو راضی رکھا جائے؟ ان دنوں ایک طرف کے ایم سی کے میئر وسیم اختر اپنے کونسلرز کوساتھ لے جاکر سندھ اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہیں ،یقیناً وہ فوجی آمر پرویز مشرف دور کے جیسے اختیارات لینا چاہیے ہیں۔وسیم اختر تو اتنے متنازع ہیں کہ اس کی تفصیل شروع کی جائے تو تحریرطویل ہو جائے گی۔ دوسری جانب کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) نے تہلکہ مچایا ہوا ہے اور مختلف صوبائی اور شہری اداروں کے ساتھ تنازع کھڑا کیا ہوا ہے۔ سب سے پہلے کے ڈی اے نے سوک سینٹر سے سرکاری اداروں کے دفاتر خالی کرائے اور عدالتوں تک جاپہنچی، کے ایم سی کے میئر، میونسپل کمشنر کے دفاتر خالی کرالیے گئے اور پھر آہستہ آہستہ دیگر صوبائی اور شہری اداروں کے دفاتر خالی کرانا شروع کیے گئے۔ بلآخر ایک درجن صوبائی اور شہری اداروں کے دفاتر خالی کرائے گئے ۔اب ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے نے دو الگ الگ لیٹر لکھے ہیں ،ایک لیٹر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کو لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ 30 جون تک سوک سینٹر سے اپنے دفاتر کریم آباد اور گرومندر میں منتقل کرلیں۔ لیٹر میں کہا گیا ہے کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن فوری طور پر سوک سینٹر میں دفاتر کا 4 کروڑ 70 لاکھ 25 ہزار روپے رینٹ اور بجلی کا بل ایک کروڑ62 لاکھ 67 ہزار 799 روپے ادا کرے۔ اور چونکہ پہلے ہی محکمہ اسکول ایجوکیشن کے ساتھ طے ہوا تھا کہ وہ اپنے دفاتر کا دو ماہ کا کرایہ 10 لاکھ 45 ہزار روپے اور بجلی کا بل 2 لاکھ 20 ہزار روپے دیں گے ،وہ بھی دیا جائے۔ اس لیٹر میں کیا گیا ہے کہ محکمہ صحت نے اپنے دفاتر کا بجلی کا بل ایک کروڑ76 لاکھ روپے ادا کر دیا ہے تو محکمہ اسکول ایجوکیشن بھی یہ بل ادا کرے۔ لیکن تاحال محکمہ اسکول ایجوکیشن نے کوئی جواب نہیں دیا ۔ دوسرے لیٹر میں کے ڈی اے کی جانب سے ایس ایس پی شرقی کو بتایا گیاہے کہ سوک سینٹر کے ڈی اے کی ملکیت ہے جو 1980 میں اپنے وسائل سے تعمیر کرایا گیا تھا اب سوک سینٹر میں کے ایم سی کے چند افسران نے قبضہ کر لیا ہے جن سے قبضہ چھڑایا جائے۔ خط میں ایس ایس پی شرقی کو بتایا گیا ہے کہ اب کے ایم سی کے کچھ افسران الٹا کے ڈی اے افسران کے خلاف مقدمہ بازی کی کوششیں کر رہے ہیں اگر ایسا کیا گیا تو پولیس کو علم ہونا چاہیے کہ حقائق کیا ہیں؟ کے ڈی اے کی مرکزی آفس پر قبضہ غیر قانونی ہے۔ ان دونوں لیٹرز کے بعد صوبائی اداروں اور شہری اداروں میں نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ کیونکہ ایک سرکاری ادارے کا دوسرے سرکاری ادارے سے دفاتر کے لیے کرایہ طلب کرنا عجیب و غریب معاملہ ہے کیونکہ یہ کوئی ذاتی نوعیت کے یا پھر غیر سرکاری، کاروباری، کمرشل ادارے نہیں ہیں اگر کسی عمارت میں سرکاری دفاتر بنائے گئے ہیں تو یہ حکومتی فیصلہ ہے جس کو اس طرح کمرشل انداز میں نہیں دیکھنا چاہیے۔ کے ڈی اے نے جس طرح صوبائی اور شہری محکموں سے تنازع شروع کر دیا ہے اس کی مثال پہلے نہیں ملتی۔ مگر اس صورتحال پر حکومت سندھ کو کوئی اقدام اٹھانا چاہیے ورنہ پھر کل واٹر بورڈ کی انتظامیہ سپریم کورٹ کو لیٹر لکھ کر کرایہ طلب کرے گی کیونکہ سپریم کورٹ جس عمارت میں واقع ہے وہ کراچی واٹر بورڈ کی ملکیت ہے۔ یا پھر ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں میونسپل کمشنرز اور ضلعی چیئرمین بیٹھتے ہیں ان سے بھی کرایہ طلب کیا جاسکتا ہے۔ حکومت سندھ کو سنجیدگی سے مداخلت کرنی ہوگی اور تمام صوبائی اور شہری اداروں کو آمنے سامنے بٹھا کر معاملات ٹھیک کرنے چاہیں تاکہ یہ تنازعہ شدید جنگ کی شکل اختیار نہ کر جائے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں