پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دیدی
شیئر کریں
پیپلز پارٹی نے متحدہ قومی موومنٹ کو سندھ حکومت میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دیدی۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے اعلیٰ سطح وفد نے ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد کا دورہ کیا جس میں پی پی نے ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی دعوت دی۔ پی پی وفد میں صوبائی وزرا ناصر حسین شاہ، سعید غنی ودیگر شامل تھے جب کہ ایم کیو ایم کی جانب سے کنوینر خالد مقبول صدیقی، عامر خان اور وسیم اختر موجود تھے۔ذرائع نے بتایا کہ پی پی وفد نے ایم کیو ایم کو سندھ کابینہ میں باقاعدہ شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے متحدہ کو ہائر ایجوکیشن اور انڈسٹریز کے محکمے دینے کی پیشکش کی۔ اس کے علاوہ پی پی نے صوبائی مالیاتی کمیشن پر عملدرآمد کرنے کی شق پر بھی آمادگی ظاہرکی اورمیونسپل فنکشن کونسلرز کو دینے پر بھی رضامندی کا اظہارکیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں ایم کیوایم کی نسرین جلیل کی بطورگورنرسمری پراٹھنے والے اعتراضات پربھی غورکیا گیا۔پی پی اور ایم کیو ایم ملاقات کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں دونوں جماعتوں میں طے پانیوالے معاہدے پر ہونے والی پیش رفت پر گفتگو ہوئی اور پی پی رہنماؤں نے ایم کیو ایم قیادت کو آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا پیغام پہنچایا۔ملاقات میں ایم کیو ایم کے تیار بلدیاتی ڈرافٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام متعلقہ اتھارٹیزکو میئرکے ماتحت کرنے کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی۔