پی ٹی آئی رہنماعلی زیدی گرفتار
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدرعلی حیدرزیدی کو گرفتار کرلیا گیاہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں کی جانب سے علی زیدی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی مذمت کی گئی ہے۔ترجمان پی ٹی آئی سندھ کے مطابق علی زیدی پی ٹی آئی سندھ سیکریٹریٹ میں تنظیمی عہدیداران سے ملاقات کررہے تھے، سول اور یونیفارم میں ملبوس اہلکاروں نے علی زیدی کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ذرائع کے مطابق ان کی گرفتاری ابراہیم حیدری تھانے میں درج فراڈ کے مقدمے میں کی گئی ہے۔2013 کے معاملے پر گزشتہ روز ابراہیم حیدری تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، علی زیدی کو دفتر سے دھکے مارتے ہوئے حراست میں لیا گیا، علی زیدی کے دفتر میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیج میں اہل کاروں کو دھکے دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔دوسری طرف سائوتھ زون پولیس نے بیان دیا ہے کہ ہمیں علم نہیں پی ٹی آئی رہنما کو کس نے گرفتار کیا، ساتھ زون پولیس نے انھیں گرفتار نہیں کیا۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کیخلاف فراڈ کا مقدمہ درج کیا گیا۔علی زیدی پر 17 کروڑ روپے کے فراڈ کا الزام ہے، پی ٹی آئی رہنما کو ملیر انویسٹی گیشن اینڈ آپریشن نے گرفتار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق علی زیدی کے خلاف مقدمہ شہری فضل الہی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔پی ٹی آئی رہنما کے خلاف مقدمہ فراڈ اور دھمکی کی دفعات کے تحت درج کروایا گیا۔مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ علی زیدی نے مجھ سے 2013 میں 18 کروڑ روپے لیے، پلاٹ کی فائل دی جس کی قیمت 16 کروڑ 75 لاکھ روپے بتائی، علی زیدی نے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے چھ ماہ بعد دینے کا وعدہ کیا، وقت مقررہ پر رقم کا تقاضہ کیا تو ملزم ٹال مٹول کرنے لگا۔متن میں کہا گیا کہ رقم نہ ملنے پر پلاٹ کی فائل بیچنا چاہی تو وہ بھی جعلی نکلی، ملزم سے رقم کیلئے بار بار رابطہ کرنے پر دھمکیاں دی گئیں، ملزم کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، رقم نہ ملنے پر پلاٹ کی فائل بیچنا چاہی تو وہ بھی جعلی نکلی۔