کسی کوقانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیںگے،وزیراعلی سندھ
شیئر کریں
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کورونا ایس اوپیز کو فالو نہ کیا گیا تو وبا تیزی سے پھیل سکتی ہے، اگرصورتحال تشویشناک ہوتی ہے تووفاق سے پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی لگانے کا کہیں گے۔بدھ کو سی ایم ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم لوگوں کی ویکسینیشن نہیں کر پا رہے یہ بڑی ناکامی ہے، ویکسی نیشن کے بعدوائرس سے بچنے کے لیے احتیاط کو نہ چھوڑیں۔وزیر اعلی سندھ کا اسٹیٹ بینک اور آئی ایم ایف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شرح نمو ڈیڑھ فیصد سے کم ہے، ملک کی معاشی صورتحال گھمبیر ہے۔ آئی ایم ایف کے کہنے پر قوانین بدل رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ 50 لاکھ نوکریاں تو کیا ملنی تھیں بے روزگاری مسلسل بڑھ رہی ہے، اسٹیٹ بینک کو اتنا طاقتور کر دیا کہ اس کے معاملے میں کوئی کچھ نہیں کر سکتا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت نے اسٹیٹ بینک کو آزاد کردیا ہے کسی کو جواب دہ نہیں، حکومت نے 90 فیصد قرضے لے لیے ہیں، معاشی بحران سے نکلنے کے اور بھی بہت سے طریقے ہیں۔وزیر اعلی سندھ نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مظاہروں میں 5 لوگ جاں بحق ،18 زخمی ہوئے ہیں، پر امن طریقے سے احتجاج کی اجازت ہے، کسی کو تکلیف پہنچانے کی اجازت نہیں ہے، ہماری کوشش ہے کہ کسی کو نقصان نہ پہنچے۔انہوں نے مزید کہا کہ 12 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں، ہم مظاہرین کے ساتھ سیاسی ڈائیلاگ کے لیے تیار ہیں، قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، 26 میں سے 24 مقامات پر احتجاج ختم کیا جا چکا ہے۔ مظاہرے کے لیے جگہ بھی دینے کو تیار ہیں۔ان کا اسپتالوں سے متعلق کہنا تھا کہ اسپتالوں کے معاملے پر ہم نے وفاق کو خط لکھے ہیں۔