سسٹم مافیا کے کورنگی کی زمینوں پر قبضے جاری
شیئر کریں
(نمائندہ جرأت) سسٹم مافیا کراچی میں روزانہ کی بنیاد پرزمینوں پر قبضے کررہی ہے۔ انتہائی ذمہ دار ذرائع کے مطابق اے جی مجید کی سرپرستی میں شکیل پراڈو نے کورنگی کی زمینوں پر اپنے پنجے گاڑ لیے ہیں۔ کورنگی میں انتظامیہ کی پوری طاقت شکیل پراڈو کے حوالے کر دی گئی ہے۔ شکیل پراڈو کو زمینوں پر قبضوں کے لیے سرکاری دستاویزات میں سپروائزنگ تپیدار تعلقہ کورنگی نیاز جامڑو اور مختیار کار ابراہیم جونیجوکی مدد حاصل ہے۔ انتہائی موثق ذرائع کے مطابق سسٹم مافیا کے ہرکارے شکیل پراڈو کورنگی میں خالی تمام زمینوں پر رفتہ رفتہ قبضہ کر رہا ہے۔اس حوالے سے پہلے زمین پر قبضہ کیا جاتا ہے۔ اگر کوئی زمین کا مالک سامنے آتا ہے توا س کے کاغذات ہتھیا لیے جاتے ہیں اور اگر کوئی مالک سامنے نہیں آتا تو سرکاری ریکارڈ میں محفوظ کاغذات میں ردو بدل کردیا جاتا ہے۔اس حوالے سے سرکاری کاغذات کے امین سپر وائزنگ تپیدار تعلقہ کورنگی نے سرکاری زمینوں تک کے کاغذات میںہیر پھیر کرکے شکیل پراڈو کے حوالے کرنا شروع کردیے ہیں۔ شکیل پراڈو کا کورنگی میں واقع دفتر ان بدعنوانیوں کا مرکز بن چکا ہے۔سرکاری اور نجی زمینوں پر قبضوں سے حاصل ہونے والی بے پناہ آمدنی کے باعث سرکاری افسران سے بھی دولت سنبھالے نہیں سنبھل رہی۔ انتہائی ذمہ دار ذرائع کے مطابق پاکستان کے مخصوص سیاسی حالات کے باعث اب سسٹم مافیا کے طفیلیے اکثر افسران اپنی رقوم بیرون ملک منتقل کرنے لگے ہیں۔ جرأت کو قابل تصدیق ملنے والے معلومات کے مطابق شکیل پراڈو کے ساتھ کام کرنے والے سپروائزنگ تپیدار تعلقہ کورنگی نیاز جامڑو اور مختیار کار ابراہیم جونیجونے بھی اپنی دولت ترکی میں منتقل کرنا شروع کردی ہے۔ یہ دونوں افسران اکثر ترکی کے سفر بھی کرتے ہیں۔ ان دنوں پاکستان سے ترکی رقوم منتقل کرنے یا جائیدادیں بنانے کا رجحان تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے۔ مذکورہ دونوں افسران کے پاسپورٹ سے اس کی تصدیق کی جاسکتی ہے کہ یہ افسران اکثر ترکی کیوں جاتے ہیں۔