بجلی نرخ مزید کم ،پیداواری منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے کاحکم
شیئر کریں
وزیرِاعظم نے بجلی صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں کو مزید کم کرنے اور مستقبل کے بجلی کے پیداواری منصوبوں کے حوالے سے لائحہ پر عمل درآمد کو تیز کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیرِاعظم شہباز شریف کے زیر صدارت ملک میں مستقبل کے لیے بجلی کے پیداواری منصوبوں، بجلی شعبے بالخصوص ترسیلی نظام پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کو بجلی کے نئے مجوزہ منصوبوں، جاری منصوبوں کی تعمیر پر پیش رفت اور ملک میں بجلی کے شعبے کی جاری اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بجلی کی موجودہ طلب اور استعداد سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو درآمدی ایندھن سے چلنے والے بجلی گھروں کی تحلیل اور ترسیلی نظام کی اصلاحات پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیرِاعظم نے بجلی شعبے کی اصلاحات کیلئے تمام تر اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔اجلاس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، سردار اویس خان لغاری، ڈاکٹر مصدق ملک، وزیرِ مملکت علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔وزیرِاعظم نے کہا کہ مستقبل میں کم لاگت بجلی منصوبوں کو ہی ترجیح دی جائے، بجلی کی پیداوار کے منصوبوں کے لیے مقامی وسائل کو ترجیح دی جائے۔وزیرِ اعظم کو ملک بھر میں جاری پن بجلی کے منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پن بجلی کے منصوبے کم لاگت بجلی کے ایسے ذرائع ہیں جن سے صارف کو ماحول دوست اور سستی بجلی فراہم ہوگی، بجلی کی موجودہ استعداد کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے، دنیا بھر میں ماحول دوست کم لاگت شمسی توانائی سے بجلی پیدا کی جا رہی ہے اور پاکستان اس لحاظ سے خوش قسمت ملک ہے کہ ملک میں شمسی توانائی کی وسیع استعداد موجود ہے۔