نواز شریف کو آنسو بہانے سے کچھ ہاتھ نہیں آئے گا، بلاول بھٹو
شیئر کریں
چنیوٹ (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنا دور اقتدار پورا کر لیا، اب وہ دن میں اقتدار کے لیے خواب دیکھ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ آنسو بہانے اور مظلومیت ظاہر کرنے سے اب کچھ ہاتھ نہیں آنے والا، ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ آج بھی نواز شریف کو وزیر اعظم کا لقب دے کر عدلیہ آئین و قانون اور جمہوریت کی کھلم کھلی توہین کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور ان کے حواری نواز شریف کو اقتدار کے سبز باغ دکھانے میں لگے ہوئے ہیں، جبکہ بات بہت دور تک جا چکی ہے، ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ملکی حالات کو بدلنے کی طاقت جرأت اور صلاحیت رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پریس کلب چنیوٹ کے صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا، وفد میں جنرل سیکریٹری پریس کلب شاہد یعقوب چودھری سابق صدر سرور علی چودھری لطیف احمد آرائیں صدر یونین آف جرنلسٹ چودھری غلام رسول شاکر عمرسجاد سندھو ظہیر سپراء سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اب ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتیں الزام تراشی اور گالم گلوچ کی بنیاد پر سیاست کررہی ہیں، بلکہ اس نظام کو جمہوریت کہنے والوں کو شرم کرنی چاہیے، انہوں نے کہا کہ اب کسی بھی صورت مسلم لیگ ن کے لیے لچک نہیں رکھتے اور نہ ہی اتحاد کا سوال پیدا ہوتا، چہ میگویاں کرنے والے اپنے دماغ صاف کر لیں، اب پیپلز پارٹی اپنے ایجنڈے اور منشور کی بنیاد پر چلے گی اور کسی بھی غیر جمہوری نظام کی بات کرنے والوں سے مل کر سیاست میں زندہ رہنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔