میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ذوالفقاربھٹو کی برسی کا جلسہ آج گڑھی خدابخش میں ہوگا

ذوالفقاربھٹو کی برسی کا جلسہ آج گڑھی خدابخش میں ہوگا

ویب ڈیسک
اتوار, ۱۴ اپریل ۲۰۲۴

شیئر کریں

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 45 ویں یوم شہادت کے سلسلے میں آج گڑھی خدا بخش بھٹو میں ہونے والا عظیم الشان جلسہ عام ایک بار پھر غریب و محنت کش عوام میں بھٹو ازم کی وسیع مقبولیت کا عکاس ہوگا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آئیے اس دن کو نئے عزم کے ساتھ بھٹو کے نظریے اور اصولوں سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرنے کے لیے بروئے کار لائیں۔ میڈیا سیل بلاول ہاس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ کل کا اجتماع محض ایک جلسہ نہیں ہے، بلکہ یہ اجتماعی طور قائد عوام کے ان اصولوں کے متعلق اعادہ کرنا ہے، جو ترقی پسند و متحد پاکستان کے لیے ان کے وژن سے وابستگی ہے۔ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں پسماندہ طبقات کی آوازیں سنی جاتی ہیں اور ہر شہری کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتی ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی وراثت کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے عوام جمع ہو رہے ہیں اور قوم انصاف کے حصول میں ایک اہم سنگ میل بھی دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہید بھٹو کیس کے بارے میں سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ سچائی اور انصاف کی تلاش کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی جانب سے قائدِ عوام کے ساتھ ہونے والی سنگین ناانصافی اور منصفانہ ٹرائل کے بنیادی حق سے محروم رکھنے کا اعتراف ایک قانونی فیصلے کے ساتھ ساتھ جمہوریت اور انصاف کے لیے قائد عوام کی غیر متزلزل جدوجہد اور لگن کی اخلاقی توثیق ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کل ہونے والے تاریخی اجتماع میں شرکت کے لئے ملک بھر سے گڑھی خدا بخش آنے والے تمام جیالوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی موجودگی بھٹو ازم کی مضبوط لیگیسی اور عوام کے غیر متزلزل جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہوگی۔ انہوں نے زور دیا کہ آئیے کل ہم شہید بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان نظریات کی پاسداری کا بھی عہد کریں جن کی خاطر قائدِ عوام نے اپنی زندگی تک قربان کردی۔ آئیے ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کی جدوجہد کریں جہاں انصاف کی بالادستی ہو، جمہوریت پروان چڑھے اور ہر شہری اپنی پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے بااختیار ہو۔ آئیے سب مل کر قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے حوصلے و جذبے کو مشعلِ راہ بنا کر ایک نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں