کراچی میں فریب اور مفاد پرستی کے سیاست قریب المرگ ہے، سراج الحق
شیئر کریں
لاہور(بیورورپورٹ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کراچی میں فریب اور مفاد پرستی کی سیاست قریب المرگ ہے ۔ عوام کے سامنے سب کے چہرے عیاں ہوچکے ہیں ۔ ڈراموں سے عوام کی بھوک پیاس ختم نہیں ہوسکتی ۔ کشمیر کے حوالے سے آج تک ریاستی پالیسی نہیں بنائی گئی ۔ کشمیری پاکستان کے لیے کٹ رہے ہیں، جبکہ ہمارے حکمران ذاتی مفادات کی لڑائیاں لڑ رہے ہیں ۔جماعت اسلامی کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ ہم کشمیریوںکی جدوجہد آزاد ی کو سلام پیش کرتے ہیں ۔کشمیری پاکستان کے 20 کروڑ عوا م اور جماعت اسلامی پاکستان کو صبح آزادی تک اپنے شانہ بشانہ پائیں گے، کشمیر کی آزادی کا مجھے اس طرح یقین ہے جس طرح رات سے صبح ہونے کا یقین ہوتا ہے ،کشمیریوں نے نریندر مودی کے تمام مظالم کے باوجود تحریک آزادی کشمیر سے وابستگی کا اظہار کر کے ذہنی آزادی کا اعلان کر دیا ہے، جلد زمینی آزادی بھی ان کو مل جائے گی ۔نریندر مودی یاد رکھے ٹینکوں اور توپوں کی بنیاد پر کشمیریوں کو غلام نہیں رکھا جاسکتا ،کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان خیالات کااظہاراسلام آباد میں جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان کے جنرل باڈی کے 44ویں سالانہ اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس سے جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود،متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین،حریت کانفرنس کے کنونیئر غلام محمدصفی،سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی راجہ فاضل حسین تبسم نے بھی خطا ب کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیریوں سے بے وفائی کرنے والا پاکستان کا کوئی بھی حکمران انجام بد سے نہیں بچ سکا، کشمیری کلمے کی بنیاد پر بننے والے پاکستان کی تکمیل کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں، پاکستان کے حکمرانوں کی کمزور پالیسیوں کی وجہ سے ابھی تک کشمیری آزادی حاصل نہیں کر سکے ۔اسلام آباداور مظفرآباد حقیقی بیس کیمپ بن جاتے تو کشمیر کب کا آزاد ہو چکا ہوتا ،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ پاکستان اگر سر سبز و شاداب اور روشن ہے تو کشمیر سے آنے والے پانیوں کی وجہ سے ہے۔ کشمیر کا پانی بند ہو جائے تو پنجاب بنجر صحرا میں تبدیل ہو جائے گا، یہاں ایک بار پھر تاریخ کا بد ترین قحط اور کروڑوں کی تعداد میں لوگ ہجرت پر مجبور ہو جائیں گے۔ پاکستان کے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور اپنی سلامتی اور کشمیرکی آزادی کے لیے واضح روڈ میپ دیں ،انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق دلائے ۔