میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ اسمبلی اجلاس، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

سندھ اسمبلی اجلاس، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

ویب ڈیسک
پیر, ۲۶ فروری ۲۰۲۴

شیئر کریں

تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 9 آزاد اراکین اور جماعت اسلامی کے ایک رکن سندھ اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔اتوارکوسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس 19 منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 9 آزاد اراکین اور جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق سمیت 10 ارکان نے سندھ اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھایا،حلف لینے والوں میں سنی اتحاد کونسل کے شبیر قریشی، محمد اویس، بلال جدون، سجاد سومرو، ریحان اکرم، واجد حسین، سربلند خان اور ساجد حسین شامل ہیں۔جماعتِ اسلامی کے رکنِ سندھ اسمبلی محمد فاروق نے بھی حلف اٹھا لیا۔ا سپیکر آغا سراج درانی نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا، اتوارکوا سپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب سے قبل ان سے حلف لیا گیا۔پیپلز پارٹی اور جی ڈی اے کے تین، تین ارکان نے حلف نہیں لیا۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما و رکن اسمبلی مراد علی شاہ نے کہا کہ آج اسمبلی میں حلف اٹھانے والے اراکین کو ویلکم کرتا ہوں، سندھ کے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔سنی اتحاد کونسل کے رکنِ سندھ اسمبلی سجاد علی سومرونے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کے منتخب ایم پی ایز ہیں، سنی اتحاد کونسل سے الحاق کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم پورے کراچی میں جیت چکے ہیں، نتائج تبدیل کیے گئے، لیاری مسائل کا گڑھ ہے، گٹر کے مسائل سے نکل نہیں سکے، ہم پورے کراچی کے حقوق کی بات کریں گے۔ تحریک انصاف کے ارکان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم اسمبلی پہنچے ہیں، ہمارے ارکان نے بڑی محنت سے کامیابی حاصل کی، ہم نے گزشتہ روز اس لیے حلف نہیں اٹھایا کیونکہ جو بھی حلف اٹھا رہے تھے وہ جھوٹ پر حلف اٹھا رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ آج اسمبلی میں ہمارے حلف کی آواز گونجے گی، ہم عوامی حمایت سے انتخاب لڑ کر آئے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز 147 ارکان نے سندھ اسمبلی میں حلف لیا تھا، ابتک مجموعی طور پر 157 ارکان سندھ اسمبلی حلف لے چکے ہیں، الیکشن کمیشن نے 163 ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔واضح رہے کہ 114 ارکان کے ساتھ پیپلز پارٹی سندھ کی سب سے بڑی اور 36 نشستوں کے ساتھ ایم کیو ایم پاکستان دوسری بڑی جماعت ہے۔ جی ڈی اے کے 3، جماعتِ اسلامی 1 اور آزاد ارکان کی تعداد 9 ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں