پاکستان اگلے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کی میزبانی کرے گا،وزیراعظم
شیئر کریں
حکام کو ابھی سے تیاری شروع کرنا ہوگی، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا
ٹی چوک فلائی اوور اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد ونواح کے رہائشیوں کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا،خطاب
وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اگلے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کی میزبانی کرے گا جس کیلئے حکام کو ابھی سے تیاری شروع کرنا ہوگی،ٹی چوک فلائی اوور اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد ونواح کے رہائشیوں کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا،اسلام آباد سے راولپنڈی کے مسافروں کے لیے ریل کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی،مختصر وقت میں کسی بھی منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔وہ جمعہ کو جی ٹی روڈ،اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے کے جنکشن (ٹی چوک )روات پر فلائی اوور کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطا ب کررہے تھے ۔تقریب میں وفاقی وزرا ، ارکان اسمبلی اور وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ اور سی ڈی اے سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح کے شہریوں کیلئے سنگ میل ثابت ہو گا، ایک کلومیٹر کے فلائی اوور سے ایکسپریس وے اور دوسرے علاقوں کو جانے میں سہولت ہو گی۔


