ارشد ندیم کاآبائی گاؤں آمد پر شاندار استقبال
شیئر کریں
قومی ہیرو ارشد ندیم آبائی علاقے میاں جنوں پہنچے تو ہزاروں لوگوں نے قومی ہیرواکا پرتپاک استقبال کیا ہے ، ارشدندیم پرپھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئی ہیں، فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی ہے ،علاقے کے داخلی دروازوں پر خوش آمدید ارشدندیم کے بینرز آویزاں کئے ۔پیرس اولمپکس 2024 میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے والے ارشد ندیم نے لاہور ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ گولڈ میڈل حاصل کرنے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، ارشد ندیم نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ قوم کی دعاؤں سے اللہ نے عزت دی، امید تھی پیرس اولمپکس میں ملک کا نام روشن کروں گا۔جبکہ اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے لاہور سے میاں چْنوں جاتے ہوئے راستے میں نماز فجر کی ادائیگی کے لیے رائیونڈ کے تبلیغی مرکز میں قیام کیا، اس اہم کامیابی پر ارشد ندیم سجدہ ریز ہو کر اللہ کا شکر ادا کرتے بھی دکھائی دیے ۔اپنے آبائی گاؤں میاں چنوں کی جانب سفر کے دوران جگہ جگہ قومی ہیرو کا شاندار استقبال کیا گیا، ارشد ندیم کا قافلہ چیچہ وطنی بائی پاس پر پہنچا تو شہریوں نے پھولوں کے ہار پہناکر ان کا استقبال کیا، پھول کی پتیاں بھی نچھاور کیں اور ارشد ندیم قومی ہیرو اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔ساہیوال پہنچنے پر بھی قومی ہیرو کا بھرپور خیرمقدم کیا گیا۔رات گئے ارشد ندیم ترکش پرواز سے رات ایک بج کر 25 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پہنچے تھے ، جہاں وفاقی وزیر احسن اقبال، وزیر مملکت شزہ فاطمہ، چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود، صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری اور خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر شخصیات کی جانب سے قومی ہیرو کا پرتپاک استقبال کیا۔ لاہور ایئرپورٹ پر عوام کی بڑی تعداد قومی ہیرو کا استقبال کرنے پہنچی تھی جبکہ ارشد ندیم کے اہل خانہ اور عزیزو اقارب کے ساتھ آبائی شہر میاں چنوں سے مداحوں کا قافلہ بھی لاہور استقبال کے لیے آیا۔ بینڈ نے دھنیں بکھیر کر ماحول میں مزید جوش پیدا کردیا تھا، عوام نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں۔ائیرپورٹ اسٹیٹ لاؤنج میں ارشد ندیم کے والد بھی موجود تھے ، انہوں نے بیٹے کو دیکھتے ہی فوراً چوما اور زور سے گلے لگایا، ساتھ ہی پھولوں کے ہار بھی پہنائے ۔بیٹے کے استقبال کے دوران والد جذباتی ہوگئے جبکہ خود ارشد ندیم کی آنکھیں بھی پْرنم دکھائی دیں، اس موقع پر ارشد ندیم کے والد نے کہاکہ میرے بیٹے نے قوم کا مان رکھ لیا، میں تو ایک مزدورہوں، اللہ کا کرم ہوگیا۔واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا۔