پاکستان مشرقِ وسطیٰ کی دلدل میں‘پاک فوج قطر بھیجنے کی افواہیں، پاکستان کی تردید
شیئر کریں
پاکستان مشرقِ وسطیٰ کی دلدل میں‘پاک فوج قطر بھیجنے کی افواہیں، پاکستان کی تردید
خلیجی ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی پاکستان کے کردار کے حوالے سے خاصی پریشان کن بن رہی ہے، ایک اعلیٰ سطح کے چھ رکنی قطری وفد کی پاکستان آمد کے حوالے سے بھی کوئی وضاحت کسی سطح پر موجود نہیں
سعودی عرب اور مصر سمیت چھ عرب ممالک کی طرف سے قطر پر خطے کو غیر مستحکم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے فیصلے کے بعد سے پاکستان کے لیے مشرقِ وسطیٰ کے معاملے میں نزاکتیں بڑھتی جارہی ہیں۔ جس کا فائدہ غیر ملکی ذرائع ابلاغ بھی خوب خوب ا±ٹھا رہے ہیں اور اس حوالے سے افواہوں کا ایک بازار گرم کیے ہوئے ہیں۔ جس کا تازہ ترین مظاہرہ ایک رپورٹ میں ہوا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان نے اپنے 20 ہزار فوجی قطر میں تعینات کرنے کے لیے روانہ کردیے ہیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں قطر کی سلامتی اور تحفظ کے لیے 20 ہزار فوجی بھیجنے سے متعلق ایک خاکہ بل بھی پارلیمنٹ میں پیش کردیا گیا ہے۔
پاکستان کے حوالے سے ان افواہوں کی گرم بازاری میں ترکی کا قطر کے حوالے سے کردار بھی خاصا تقویت دیتا ہے۔ کیونکہ ترک پارلیمنٹ نے رواں ہفتے کے اختتام پر اس حوالے سے باقاعدہ قانون سازی کی جس کی توثیق صدر رجب طیب اردگان نے بھی کی تھی۔جس کے مطابق خلیجی ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی میں دوحہ کی حمایت کے لیے ترکی قطر میں اپنی فوج میں اضافہ کرے گا۔ترکی اور قطر پہلے سے انتہائی قریبی تعلقات رکھتے ہیں۔ ان کے درمیان ایک معاہدہ 2014 میں بھی ہواتھاجس کے تحت ہی قطر میں ترکی فوجی اڈے کا قیام عمل میں آیا تھا۔بہرحال تازہ قانون سازی کے تحت پانچ ہزار مزید ترک فوجی قطر روانہ کیے جارہے ہیں۔ اس فضائ میں پاکستان کی جانب سے قطر میں فوج بھیجنے کی افواہ نے شروع میں کچھ حلقوں کو خاصا چونکایا۔
اس حوالے سے ایک اور پہلو بھی ان افواہوں کی تقویت کا باعث بنا۔دراصل چند روز قبل یہ خبر پاکستان میں بہت گردش میں رہی تھی کہ مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی نئی کشیدگی کے بعد ایک اعلیٰ سطح کا چھ رکنی قطری وفد پاکستان آیا تھا۔ جو پہلے لاہور اور پھر اسلام آباد گیا تھا۔ اگر چہ دفترِ خارجہ نے ایسے کسی وفد کی پاکستان آمد پر اپنی لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔ مگر بعد ازاں یہ اطلاعات گردش کرتی رہیں کہ وفد میں 5 قطری اور ایک برطانوی شہری شامل تھے۔ وفد کی قیادت عبدالہادی مانا الحجری کر رہے تھے جبکہ دیگر اراکین میں محمد سعود المہادید، محمد مشعال المحمود، محمد حمید المنصوری اور عبداللہ ابوالخیر الخلیفی شامل تھے جبکہ وفد میں شامل برطانوی شہری کا نام دلیپ گرونگ تھا۔ مشرق وسطیٰ کے حالیہ تنازع میں اس نوع کی خبروں یا افواہوں نے ایک ایسا ماحول پیدا کردیا ہے جس میں یقینی چیز کوئی نہیں رہی۔ اسی فضا میں پاکستان کی جانب سے قطرفوجیں بھیجنے کی افواہ بھی سامنے آئی۔ جس کے بعد پاکستان کا دفترِ خارجہ فوری حرکت میں آیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے اپنے ایک بیان میں پاکستانی فوجیوں کی تعیناتی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکی ذرائع ابلاغ میں آنے والی ایسی تمام خبریں من گھڑت اور بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی ایک مہم کا حصہ ہیں۔
معاملہ کچھ بھی ہو، درحقیقت خلیجی ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی پاکستان کے کردار کے حوالے سے خاصی پریشان کن ہے۔ رواں ہفتے کے آغاز میں سعودی عرب، مصر، بحرین، یمن، متحدہ عرب امارات اور مالدیپ نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت کے الزامات عائد کرتے ہوئے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔اس کے علاوہ لیبیا کی مشرقی حکومت کے وزیر خارجہ محمد دیری نے بھی اپنے ایک بیان میں قطر سے تعلقات کے خاتمے کا اعلان کیاتھا، تاہم انھوں نے فوری طور پر اس اقدام کی کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔
عام طور پر مشرقِ وسطیٰ میں سعودی عرب کےحامی سمجھے جانے والے پاکستان کے لیے اس صورت حال میں ایک دوٹوک کردار کی ادائی ممکن نہیں رہی ہے۔ شاید یہی وجہ تھی کہ پاکستان نے سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک کی جانب سے قطر سے سفارتی تعلقات ختم کیے جانے کے باوجود بھی دوحہ سے تعلقات بحال رکھنے کا عندیہ دیا تھا۔پاکستان کے لیے یہ ایک عجیب وغریب صورتحال ہے۔ ایک طرف پاکستان کے مقبول سابق فوجی سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف سعودی عرب میں قائم اسلامی فوجی اتحاد کی سربراہی کررہے ہیں۔ تو دوسری طرف تنازعات میں گھری نوازشریف کی حکومت کو پاناما لیکس کے معاملے میں جاری عدالتی کارروائی میں ایک قطری خط کا سہارا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کایہ تنازع پاکستان کے حوالےسے مزید پریشانیوں میں اضافہ کرتا ہے یا اس کے لیے امکانات کے مزید دروازے کھولتا ہے؟