سعید غنی نے تعلیمی ادارے 16 مارچ سے کھولنے کا اعلان کردیا
شیئر کریں
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے صوبے بھر میں تعلیمی ادارے 16 مارچ سے کھولنے اور نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات بھی 16 مارچ سے کروانے کا اعلان کردیا۔انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت تک صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے اور محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی اور وزیر اعلیٰ سندھ کی بنائی گئی ٹاسک فورس میں شامل محکمہ صحت کے ماہرین کی اکثریت نے بھی اسکولوں کی مزید بندش کی مخالفت کی ہے ۔ان کا کہناتھا کہ 26 فروری کو جب تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا تھا اس وقت ہمارے پاس کرونا وائرس کے حوالے سے نمٹنے کی کوئی تیاری نہیں تھی تاہم اب ہم نے مکمل تیاری کی ہوئی ہے ۔وہ منگل کو وزیر اعلیٰ کی ٹاسک فورس کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت صوبہ سندھ میں جتنے بھی کیسز سامنے آئے ہیں وہ سب بیرون ملک سے آنے والوں میں ہیں۔ صوبائی وزیر تعلیم نے دعویٰ کیا کہ کسی بھی ایک مریض میں یہاں کرونا وائرس نہیں ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ٹاسک فورس کا اجلاس جمعرات کے روز دوبارہ ہوگا اور اس اجلاس میں بھی تمام پہلوؤں پر غور کیا جائے گا۔اگر خدانخواستہ حالات میں زیادہ مشکلات پیش آتی ہیں تو ہم اپنے فیصلے پر دوبارہ کل غور کرسکتے ہیں۔تاہم اس وقت تک جو فیصلہ کیا گیا ہے اس کے مطابق صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 16 مارچ سے کھول دئیے جائیں گے اور نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات بھی مقررہ تاریخ یعنی 16 مارچ سے شروع ہونگے ۔