میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نون لیگ، پی پی میں فارمولا طے،وزیراعظم نواز لیگ ، صدر پی پی کا ہوگا

نون لیگ، پی پی میں فارمولا طے،وزیراعظم نواز لیگ ، صدر پی پی کا ہوگا

ویب ڈیسک
پیر, ۱۲ فروری ۲۰۲۴

شیئر کریں

( رپورٹ : باسط علی)مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی میں شراکت اقتدار کا فارمولا طے پا گیا ہے۔ انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق نون لیگ اور پی پی کے درمیان گزشتہ روز بلاول ہاؤس میں رسمی بیٹھک سے قبل ہی آصف علی زرداری اور شہباز شریف نے نہایت خاموشی سے شراکت اقتدار کا فارمولا طے کر لیا تھا۔ بعد ازاںپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو اسلام آباد سے لاہور طلب کیااور انہیں ائیرپورٹ پر طے شدہ فارمولے سے آگہی دینے کے ساتھ بلاول ہاؤس لاہور لے گئے۔ جہاں بعد ازاں شہاز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ نون کا وفد رسمی طور پر ملاقات کرنے پہنچا ۔ انتہائی ذمہ دار ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان طے شدہ فارمولے کے تحت وزیراعظم کا منصب مسلم لیگ نون سنبھالے گی جبکہ صدارت پیپلزپارٹی کے حصے میں آئے گی۔ اسی طرح چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر کے مناصب نون لیگ اپنے پاس رکھے گی، تاہم ڈپٹی اسپیکر اور ڈپٹی چیئرمین کے مناصب پیپلزپارٹی کو ملیں گے۔ اس کے ساتھ پیپلزپارٹی کو ابتدا میں وفاقی کابینہ سے آٹھ وزارتیں دی جائیںگی۔ نون لیگ نے اپنی ایک اور اتحادی جماعت ایم کیو ایم سے بھی شراکت اقتدار کا فارمولا طے کر لیا جس کے تحت سندھ میںگورنر شپ ایم کیو ایم کوملے گی، اس کے علاوہ مرکز میں اُنہیں دو وزارتیں بھی دی جائیں گی۔ جبکہ ملک کے دو اہم ترین صوبوں پنجاب اور بلوچستان کی حکومتوں کا بھی فیصلہ کر لیا گیا۔ جس کے تحت پنجاب مسلم لیگ نون کو ملے گا، جہاں وزارتِ اعلیٰ کا منصب مریم نواز سنبھالے گی۔ جبکہ بلوچستان میںحکومت کافیصلہ پیپلزپارٹی کرے گی۔ مسلم لیگ نون بلوچستان میںاور پیپلزپارٹی پنجاب میں اپنی حمایت ایک دوسرے کو دیں گے۔ واضح رہے کہ خیبرپختون خواہ میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد ارکان کی برتری کے باعث اِ سے آزاد چھوڑ دیا گیا ہے۔ شراکت اقتدار کے اس بنیادی فارمولے کے طے کیے جانے کے بعد شہباز شریف نے رسمی طور پر بلاول ہاؤس لاہور جا کر پیپلزپارٹی کے قائدین سے ملاقات کی۔ جس میںدونوں جماعتوں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مستقبل میں سیاسی تعاون پراصولی اتفاق کر لیا ۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے وفد میں اعظم نذیر تارڑ، سردار ایاز صادق، احسن اقبال، رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، ملک احمد خان، مریم اورنگزیب اور شزا فاطمہ شامل تھے ۔ملاقات کے جاری کئے گئے اعلامیے کے مطابق دونوں جماعتوں کی قیادت نے ملک کو سیاسی استحکام سے ہمکنار کرنے کے لئے سیاسی تعاون کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی عدم استحکام سے ملک کو بچائیں گے ۔ ملاقات میں دونوں جماعتوں نے موجودہ صورتحال پر مشاورت کی اور تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ پیپلز پارٹی کی قیادت نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی تجاویز کو آج پیر کے روز ہونے والے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں سامنے رکھیں گے ۔قائدین نے کہا کہ عوام کی اکثریت نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے ، ہم عوام کو مایوس نہیں کریں گے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں