میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش

پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش

ویب ڈیسک
هفته, ۱۱ ستمبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا ،مسلسل کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش سے نشیبی علاقے زیر آ ب آ گئے جبکہ انڈر پاسز اورشاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا ، بارش سے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا اور 180سے زائد فیڈرز ٹرپ کرنے سے کئی علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم رہے،جبکہ کاہنہ کے علاقے میں مکان کی چھت گرنے سے تین افرادہلاک ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں صبح کے وقت کالی گھٹائیں چھا گئیں جس سے ہر طرف اندھیرا چھا گیا ،بعد ازاں موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جو مسلسل کئی گھنٹے تک جاری رہا ۔بارش سے لاہور کے نشیبی علاقے زیر آ ب آ گئے ،وقفے وقفے سے جاری رہنے والی موسلا دھار بارش سے شہر کے بیشتر علاقے تالاب کا منظر پیش کرتے رہے ، کوٹ لکھپت،پیکوروڈ،قائد اعظم انڈسٹریل ایریا ، ماڈل ٹائون،جوہرٹائون،کالج روڈ،ٹائون شپ ،دھرم پورہ،مغلپورہ،باغبانپورہ بازار،شالیمار ،صدر کینٹ ،جوڑے پل ،آفیسرکالونی ، لال پل،ہربنس پورہ،فتح گڑھ،سلامت پورہ، گڑھی شاہو،محمد نگر،لکشمی چوک،شملہ پہاڑی،ڈیوس روڈ ،ریلوے اسٹیشن،اک موریہ،شاد باغ،بھگت پورہ ، مال روڈ،جین مندر،جی پی اوچوک،چوبرجی، بھاٹی چوک،داتادربار،لوہاری اورشاہ عالم مارکیٹ میں بارش کا پانی جمع کھڑ اہو گیا،انڈرپاسز اورمختلف شاہراہوں پر بھی پانی جمع ہو گیا جس سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثرہوا ۔ مختلف مقامات پر گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بارش کے کھڑے پانی میں بند ہوتی رہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔موسلا دھار بارش میںسی ٹی او لاہور منتظر مہدی ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کیلئے متحرک رہے ۔ سی ٹی او نے ہدایت کی کہ وارڈنزوربارش کے دوران شہریوں کی مدد کریں، لفٹرز، بریک ڈائونز کو نشیبی سڑکوں پر کھڑارکھاجائے سی ٹی او منتظر مہدی نے ہدایت کی کہ سرکل افسران اپنی پوزیشن نشیبی شاہراہوں پر رکھیں، کینال روڈ انڈرپاسز پر موٹرسائیکل سواروں کو جمع نہ ہونے دیں ،ڈی ایس پیز واسا حکام اورانتظامیہ سے رابطے میں رہیں اور نشیبی سڑکوں، چوکوں کا جائزہ لیتے رہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ نے لکشمی چوک کا دورہ کیا اور جمع پانی کا جائزہ لیا، انہوں نے واسا عملے کو لکشمی چوک سے جلد ازجلد پانی نکالنے کی ہدایت کی۔ عمر شیر چٹھہ نے دیگر مقامات پر کا بھی دورہ کیا او رنکاسی آب کا جائزہ لیا ۔موسلادھار بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہو ااور180 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر نے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ، بجلی کی بندش سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ لیسکو ترجمان کے مطابق شہر میں موسلا دھار بارش سے لائن سٹاف کو بحالی کا کام کرنے میں دشواری کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں