پاکستان کا بیرون ملک مخالفین کیخلاف کریک ڈائون کی برطانوی میڈیارپورٹ مسترد
شیئر کریں
پاکستان نے بیرون ملک مقیم مخالفین کے خلاف کریک ڈائون سے متعلق برطانوی میڈیا گروپ ’’دی گارجین‘‘ کی رپورٹ کوسختی سے مستردکردیا ۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے برطانوی میڈیا گروپ ’’دی گارجین‘‘میں شائع ہونے والی رپورٹ پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اپنے شہریوں سمیت کہیں بھی کسی بھی بہانے سے مقیم کسی بھی ریاست کے شہریوں کو دھمکی دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بے بنیاد الزامات پاکستان اور اس کے ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی غرض سے پاکستان کے خلاف جاری غلط معلوماتی مہم کا حصہ دکھائی دیتے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ پاکستان ایک فعال سول سوسائٹی، آزاد میڈیا اور آزاد عدلیہ کے ساتھ ایک پارلیمانی جمہوریت ہے جو اپنے تمام شہریوں کے لیے بلا تفریق انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔بیان میں انہوں نے کہا کہ آزادی رائے اور اظہار رائے کے حق کے لیے ہماری مضبوط وابستگی کا مظاہرہ ملک میں متعدد میڈیا چینلز اور اخبارات کی موجودگی سے ہوتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایک میڈیا ادارے کی جانب سے پاکستان کے خلاف غیر مستند اور غلط بیانیوں کے فروغ کے لیے پلیٹ فارم کی فراہمی انتہائی افسوسناک ہے۔خیال رہے کہ ’’دی گارجین‘‘کی رپورٹ میں دعوی کیا گیا تھا کہ وہ جلاوطن پاکستانی جو فوج پر تنقید کرتے ہیں انہیں برطانوی حکام نے خبردار کیا تھا کہ انہیں نشانہ بنایا جائے گا۔مذکورہ رپورٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ پاکستان، جو برطانیہ کا ایک مضبوط اتحادی ہے بالخصوص انٹیلیجنس معاملات پر، وہ برطانوی سرزمین پر افراد کو نشانہ بنانے کی تیاری کرسکتا ہے۔