میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
گڈانی کے بارے میں حکومت کی جنبش

گڈانی کے بارے میں حکومت کی جنبش

منتظم
هفته, ۱۱ فروری ۲۰۱۷

شیئر کریں

بلوچستان کے ساحلی مقام گڈانی میں واقع شپ بریکنگ یارڈ میں مردم کش حادثات کوئی نئی بات نہیں ہے۔ اس مقام پر بڑے بڑے جہازوں کی کٹائی کرکے اسکریپ کیا جاتا ہے۔ آئل ٹینکرز اور ایل پی جی کنٹینر توڑنے کے دوران ہولناک حادثات ہوچکے ہیں ۔ قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں ۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ اس صنعت سے وابستہ مزدوروں کے تحفظ کا کوئی معقول بندوبست موجود نہیں ۔ اس غفلت ، لاپروائی سے ہمہ وقت مزدوروں کی جان دائو پر لگی رہتی ہے۔ کمپنیوں اور ٹھیکیداروں کو فقط کمانے کی پڑی رہتی ہے۔ یکم نومبر2016ء کے سانحے نے حکومتوں کی توجہ حاصل کرلی۔ شپ بریکنگ یارڈ میں ایک بحری جہاز کو توڑا جارہا تھا اور اس دوران دھماکے ہوئے ، آگ بھڑک اٹھی، جس نے ستائیس محنت کشوں کو بھسم کردیا ، درجنوں بری طرح جھلس گئے۔ ستم یہ ہے کہ آگ پر فوراً قابو پانے کا بھی کوئی انتظام نہ تھا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بیدار تو ہوئیں پر یہ بیداری ہمیشہ وقتی ہوا کرتی ہے ۔ کچھ عرصہ گزرتا ہے تو سب کچھ فراموش کردیا جاتا ہے۔ بلوچستان حکومت نے متعلقہ محکموں کے چند ذمہ داروں کو معطل کردیا تھا ،یقینا گرفتاریاں بھی ہوئیں ۔ وزیراعلیٰ نے رپورٹ طلب کرلی تھی جو کچھ عرصہ بعد پیش کردی گئی تھی۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر رانا تنویر کی سربراہی میں قائم کمیٹی گڈانی بھیجی۔ کمیٹی نے رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی۔ یہ معاملہ گرم تھا کہ 21دسمبر2016ء کو پھر آتشزدگی ہوئی ۔کوئی نقصان البتہ نہ ہوا۔ اس کے بعد 9 جنوری 2017ء کو ایک اور واقعہ ہوا جس میں پانچ مزدور جاں بحق ہوگئے چنانچہ 2فروری2017ء کو حکومت بلوچستان نے گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں آئل ٹینکر اور ایل پی جی کنٹینرز توڑنے پر عارضی پابندی عائد کردی اور گڈانی شپ بریکنگ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کرلیا۔ اس بابت وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری کی موجودگی میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں شپ بریکنگ صنعت سے متعلق مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا گیا ۔ حادثات کا تدارک کیسے کیا جائے اس پر غور ہوا ۔ جیسا کہ ذکر ہوا کہ شپ بریکنگ اہم صنعت ہے۔ سینکڑوں افراد اس صنعت سے روزی روٹی کماتے ہیں لیکن محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لیے انتظامات موجود نہیں ، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے کوئی بندوبست نہیں ۔ ماحولیات کا بگڑا ہوا مسئلہ الگ موجود ہے۔ چنانچہ اب حکومت بلوچستان نے کچھ جنبش کی ہے۔ آئل ٹینکرز اور ایل پی جی کنٹینرز کی کٹائی پر تا حکم ثانی پابندی رہے گی۔ تاہم پہلے سے لنگر انداز آئل ٹینکرز اور ایل پی جی کنٹینرز کی مکمل صفائی کے بعد کٹائی کی اجازت ہوگی۔ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے تحت ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اتھارٹی کے قیام کے لیے ایک ماہ کے اندر قانون سازی کی جائے گی۔ جب تک کمشنر قلات ، ڈپٹی کمشنر لسبیلہ اور متعلقہ اداروں کے حکام اور شپ بریکنگ ایسوسی ایشن کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی قائم کی جائے گی۔ یہ کمیٹی گڈانی میں لنگر انداز جہازوں کا از سرنو جائزہ لے گی۔ بریکرز کو اپنے دفاتر گڈانی یا حب میں قائم کرکے ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ جی ایس ٹی کی مد میں بلوچستان کو آمدنی ہوسکے۔ یہ بھی طے کیاگیا ہے کہ توڑنے کے لیے لائے جانے والے بحری جہاز کھلے سمندر میں لنگر انداز ہوں گے۔ جب متعلقہ اداروں کی جانب سے معائنہ ہوگا اس کے بعد این او سی دی جائے گی۔ یعنی اجازت ملنے کے بعد ہی جہاز ساحل پر لنگر انداز ہوسکیں گے۔ حفاظتی اقدام کے تحت شاہراہ اور ٹراما سینٹر کی تعمیر، آر ایچ ای سی کی اپ گریڈیشن ، فائر بریگیڈ اسٹیشن کا قیام زیر غور ہے۔مزید برآں ایڈووکیٹ جنرل نے شپ بریکنگ کے لیے نافذ العمل قوانین اور ضوابط سے آگاہ کیا ۔ چنانچہ فیصلہ ہوا کہ جہاز توڑنے کے دوران آتشزدگی کی صورت میں ہونیوالے نقصان کی ایف آئی آر ایکسپلوزیو ایکٹ کے تحت درج کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ قرار دے چکے ہیں کہ آئندہ کسی بھی حادثے کی صورت میں این او سی جاری کرنے والے ادارے اور جہاز کے مالک ذمہ دار ہوں گے۔ اور صنعت کار محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کرنے کے بھی پابند ہوں گے۔ گڈانی شپ بریکنگ کی صنعت سے بلوچستان کو رتی برابر آمدنی ہورہی ہے، آمدنی میں بلوچستان کو بڑا حصہ لینا چاہیے۔ نیز اس صنعت پر مافیا کا تسلط قائم ہے جو محنت کشوں کا خون پسینہ چوس کر جائز اور ناجائز طریقوں سے کمارہے ہیں ۔ مالکوں اور ٹھیکیداروں کے ساتھ ایسوسی ایشن کے کرتا دھرتائوں کی ملی بھگت بھی قائم ہے۔ آتشزدگی کے مذکورہ بڑے سانحے کے بعد یہ بات بھی کہی گئی کہ اس جہاز میں 200ٹن تیل موجود تھا۔ کہنے کا مقصد یہ ہے کہ گڈانی کی اس صنعت کے ذریعے پٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ کا دھندا بھی بڑے پیمانے پر ہورہا ہے جس کو روکنے کی ضرورت ہے۔ حکومت بلوچستان کو یہ پہلو مد نظر رکھنا چاہیے اور حالیہ آتشزدگی میں مالک ، ٹھیکیدار اور باقی وہ لوگ جو کسی نہ کسی طور پر ذمہ دار ہیں کے خلاف لازماًایسی قانونی گرفت ہو کہ جس کے نتیجے میں وہ سزائوں سے بچ نہ پائیں ۔ محض عارضی اقدامات اور چند معطلیوں سے حق ادا نہیں ہوگا۔ نواب زہری گڈانی کی صنعت پر ہمہ پہلو نگاہ رکھیں تاکہ محنت کشوں کی سلامتی یقینی ہو اور اس صنعت سے بلوچستان کو زیادہ سے زیادہ آمدنی حاصل ہو۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں