اومی کرون کے پھیلائومیں شدت،شرح15فیصدسے تجاوزکرگئی
شیئر کریں
محکمہ صحت سندھ نے کہاہے کہ کراچی میں مزید 28 افراد میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد شہر میں اس وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 191 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں مثبت کیسز کی شرح ساڑھے 15 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق شہر قائد میں اومی کرون کے سب سے زیادہ 83 کیسز ضلع شرقی سے سامنے آئے ہیں،دوسرے نمبر پر 49 کیسز کے ساتھ ضلع جنوبی ہے۔ضلع وسطی میں 13، غربی اور ملیر میں 4،4 افراد میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے۔اس کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں سے سندھ آنے والے 3 افراد میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے،جبکہ بیرون ملک سے کراچی آنے والے 25 افراد میں ایئرپورٹ پر اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے۔ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ دو ہفتوں میں شہر میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔حکومت حالات اور کورونا کیسز کے ڈیٹا کا جائزہ لے رہی ہے، شہری اگر چاہتے ہیں کہ سخت فیصلے نہ ہوں تو حکومت کا ساتھ دیں اور مدد کریں۔ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ایک بار پھر کہا کہ شہری ویکسینیشن کرائیں، اور ایس او پیز پر عمل کریں۔انہوں نے کہاکہ اگر اسپتالوں پر کورونا مریضوں کادبائو نہ رہا تو صورتحال ایسی ہی نارمل رہ سکتی ہے، تاہم حکومت زمینی حقائق کو دیکھتے ہوئے فیصلے کرے گی۔