میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بہت ہو گیا الیکشن کمیشن کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرائے، سندھ ہائیکورٹ کا حکم

بہت ہو گیا الیکشن کمیشن کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرائے، سندھ ہائیکورٹ کا حکم

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۰ نومبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے التواء کے خلاف اور فوری انعقاد کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں جماعت اسلامی اورپی ٹی آئی کی جانب سے داخل درخواستو ںکی جمعرات کو سماعت ہوئی جماعت اسلامی کے وکیل عثمان فاروق ایڈوکیٹ پیش ہوئے ۔سماعت دورکنی بینچ چیف جسٹس احمد علی شیخ اورجسٹس یوسف علی سعید نے کی ۔معزز ججز نے الیکشن کمیشن پر شدید برہمی کا اظہار کیا ،مزید مہلت دینے سے انکار اورصوبائی الیکشن کمیشن کو جلد انتخابات کروانے کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر رپورٹ جمع کروائے اوربتائے کہ کراچی اور حیدرآباد میں الیکشن کیوں نہیں کروائے جارہے ؟،الیکشن کروانا آپ کی ذمہ داری ہے ۔ بار بار الیکشن کیوں ملتوی کیے جا رہے ہیں ؟الیکشن کمیشن کوئی اسکول ہے جو چھٹی کی وجہ سے اجلاس نہیں ہوسکا،آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز کی رپورٹس کہاں ہے؟ چیف جسٹس نے وکیل الیکشن کمیشن سے استفسار کیا سیلاب میں کون سی پولیس جاتی ہے؟ ،بتائیں سیلاب زدگان کے پاس پولیس کیا کررہی ہے؟ ،کوئی ایک گائوں بتادیں جہاں پولیس نے سیلاب متاثرین کیلئے آپریشن کیا ہو؟، سندھ میں مجموعی نفری کتنی ہے اوربتائیں پولیس کہاں کہاں تعینات ہے؟ ،ہم زیادہ وقت نہیں دیں گے ہمیں فوری رپورٹ چاہئے۔ قبل ازیں سماعت میں الیکشن کمیشن کے وکیل نے جواب جمع کروانے کے لیے مزید مہلت طلب کی ،وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ سندھ حکومت نے درخواست کی ہے کہ پولیس سیلاب زدگان کی امدادی سرگرمیوں کی سیکیورٹی پر مصروف ہے،الیکشن کمیشن کا اجلاس تعطیل کی وجہ سے نہیں ہو سکا ، اجلاس کے بعد سماعت رکھی جائے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں اجلاس سے کوئی لینا دینا نہیں آپ کراچی و حیدر آباد میں الیکشن کرائیں ۔ وکیل جماعت اسلامی عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے کہاکہ آئی جی اورڈی جی رینجرز کو طلب کیا جائے تاکہ ٹھیک رپورٹ سامنے آسکے۔معزز ججز نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ خود پیش ہوں یا سینئر آفیسر کو تعینات کریں۔الیکشن کمیشن کے وکیل کے علاوہ ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے بھی مزیدمہلت کی استدعاکی جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ ہم زیادہ وقت نہیں دیں گے ،ہمیں فوری رپورٹ چاہیئے ،معزز ججز نے سماعت کی اگلی تاریخ 14نومبر مقرر کی اور الیکشن کمیشن کو سماعت سے قبل جواب جمع کروانے کا پابند کیا ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں