نون لیگ کی قیادت کا نئے صوبوں کے معاملے پر مجلس عاملہ کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ
شیئر کریں
اجلاس میں نئے صوبوں سے متعلق اندرونی آراء، آئندہ کے لائحہ عمل پر بات ہونے کا امکان ہے، ذرائع
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے موجودہ ملکی صورتحال خصوصاً نئے صوبوں کے حوالے سے مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن)آئندہ چند دنوں میں پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بلانے جا رہی ہے۔ اجلاس پارٹی صدر نواز شریف کی صدارت میں ہوگا جس میںملک کی مجموعی صورتحال خصوصاً نئے صوبوں سے متعلق امور پر مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے اس سے قبل پارٹی کو واضح ہدایت دے رکھی تھی کہ صوبوں کے حوالے سے کوئی رہنما میڈیا پر بات نہ کرے تاہم چند رہنمائوں کے حالیہ بیانات کے بعد پارٹی قیادت نے مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں سینئر رہنما صوبوں کی صورتحال سے قیادت کو آگاہ کریں گے اور پارٹی لائن پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس کا مقصد اندرونی مشاورت کو مضبوط بنانا اور میڈیا پر منتشر پیغام دینے سے بچنا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ صوبے، نئے انتظامی یونٹس اور بین الصوبائی معاملات حساس ہیں، اس لیے ان پر عوامی بیان بازی سے گریز کیا جائے۔
چند رہنماؤں کے بیانات سامنے آنے کے بعد قیادت نے محسوس کیا کہ معاملہ پارٹی فورم پر طے ہونا چاہیے۔اجلاس میں صوبائی قیادت کی رپورٹ، موجودہ سیاسی صورتحال، نئے صوبوں سے متعلق اندرونی آرا ء اور آئندہ کے لائح عمل پر بات ہونے کا امکان ہے۔


