میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی میں متحدہ لندن کی سرگرمیوں میں تیزی، سیکٹروں کی سطح پر اجلاس شروع

کراچی میں متحدہ لندن کی سرگرمیوں میں تیزی، سیکٹروں کی سطح پر اجلاس شروع

ویب ڈیسک
پیر, ۱۰ جولائی ۲۰۲۳

شیئر کریں

(رپورٹ: ہارون صدیقی) متحدہ قومی موومنٹ لندن کی ایڈوائزری کمیٹی نے کراچی میں سیکٹروں کی سطح پر میٹنگیں شروع کردیں۔ایڈوائزری کمیٹی کا محمود آباد سیکٹر میں پہلا اجلاس منعقد ہوگیا جبکہ شہر میں متحدہ لندن کے کارکنوں کی جانب سے الطاف گروپ کی چاکنگ اور الطاف حسین کی تصویر والے پوسٹر لگانے میں تیزی آگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انتہائی باخبر رائع نے انکشاف کیا ہے کہ متحدہ لندن کی قیادت کی جانب سے کراچی اور اندرون سندھ میں کارکنوں سے رابطے کیلئے ایک ایڈوائزری کمیٹی بنائی گئی تھی۔ اس ایڈوائزری کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متحدہ لندن کے تمام کارکنوں سے رابطے کریں اور کراچی اور اندرون سندھ میں متحدہ لندن کو دوبارہ فعال کریں ۔اس ہدایت کے بعد متحدہ لندن کی رابطہ کمیٹی کے ممبر اور ایڈوائزری کمیٹی کے ذمہ دار مومن خان مومن پنجاب میں متحدہ لندن کو فعال کرنے میں سرگرم ہیں جبکہ کراچی میں متحدہ لندن کی ایڈوائزری کمیٹی کے انچارج آفتاب بھائی کو کراچی کے سیکٹروں اور یونٹوں کو فعال کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ اہم ذریعے کا کہنا ہے کہ متحدہ لندن کی ایڈوائزری کمیٹی کی جانب سے 8 جولائی کو محمود آباد سیکٹر میں ایک اہم اجلاس کیا گیا ہے جس میں متحدہ لندن کی محمود آباد سیکٹر کے یونٹ کے ذمہ داروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ مذکورہ اجلاس یوسی 5 کے ایک مکان میں رکھا گیا تھا۔ اجلاس کی صدارت آفتاب بھائی نے کی۔ اس دوران انہوں نے محمود آباد سیکٹر کے ذمہ داروں اور کارکنوں کو فعال ہونے کی ہدایت دی۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ مذکورہ میٹنگ میں کارکنوں کو کہا گیا ہے کہ وہ ہر طرح کی احتیاط کریں اور اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کریں، علاقے میں بزرگوں اور متحدہ لندن کے ہمدردوں سے رابطے کریں، انہیں دوبارہ سیاسی طورپر فعال ہونے کی ہدایت کریں۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ محمود آباد سیکٹر کا زیہ اجلاس 2 گھنٹے جاری رہا جس میں سیکٹر اور یونٹ کے 26 سے زائد ذمہ داران اور کارکنوں نے شرکت کی تھی۔ اہم ذریعے کا کہنا ہے کہ متحدہ لندن کی قیادت نے ایڈوائزری کمیٹی کو کراچی کے تمام سیکٹروں میں ایسی میٹنگیں کرنے کی ہدایت جاری کی ہیں جبکہ دوسری جانب کراچی میں متحدہ لندن کے کارکنوں کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر اپنے علاقوں میں متحدہ لندن کی چاکنگ الطاف حسین کی تصاویر والے پوسٹر اور متحدہ لندن کے جیے الطاف لکھے ہوئے جھنڈے لگانے کی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔ ذریعے کا کہنا ہے کہ 8 جولائی اور 9 جولائی کو ملیر، اورنگی ٹائون، رنچھور لائن، گلشن اقبال، سرجانی ٹائون، شاہ فیصل کالونی میں متحدہ لندن کے کارکنوں نے گلیوں کے بجائے مرکزی شاہراہوں پر متحدہ لندن کی چاکنگ جھندے اور الطاف حسین کے پوسٹر لگائے ہیں۔ گلشن اقبال سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق متحدہ لندن کے 4 کارکنوں نے دوپہر 2 بجے اردو سائنس کالج کے سامنے پیڈسٹرل برج کے اوپر الطاف حسین کی تصاویر ولا ایک بڑا بینر آویزاں کیا۔ متحدہ لندن کے کارکنان اپنی گرفتاریوں سے بلاخوف ہوکر چاکنگ اور بینر لگارہے ہیں۔واضح رہے کہ متحدہ لندن کی ایڈوائزری کمیٹی کی مذکورہ سرگرمیاں ایک منصوبے کے تحت جاری تھیں کہ رات گئے اچانک مصطفیٰ عزیز آبادی کی صدارت میں متحدہ لندن کی رابطہ کمیٹی کے ایک ہنگامی اجلاس میںایڈوائزری کونسل کو فوری طور پر تحلیل کردیا گیا ۔ ایم کیوایم لندن کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے کارکنوں کو ایڈوائزری کونسل کے ساتھ طے شدہ اجلاس فی الفور منسوخ کرنے کی ہدایت کی گئی اور اعلان کیا گیا کہ جلد ہی ایڈوائزری کونسل کی تشکیل نو کے بعد کراچی میں نئی سرگرمیوں کا منصوبہ پیش کیا جائے گا۔ رابطہ کمیٹی کے مطابق یہ فیصلہ تنظیمی کاموں مزید بہتر بنانے کے لیے کیا گیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں