محمود آباد میں بااثر افراد کی شدید ہوائی فائرنگ ،لوگ گھروں میں محصور
شیئر کریں
شہر قائد کے علاقے محمود آباد میں بااثر افراد نے شدید ہوائی فائرنگ کی، جس سے لوگ خوف زدہ ہو کر گھروں میں محصور ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے محمود آباد، اعظم بستی میں الحلال چوک پر بااثر افراد نے شدید ہوائی فائرنگ کی، بااثر افراد کی جدید اسلحے سے ہوائی فائرنگ کی ویڈیو بھیسامنے آگئی۔فوٹیج میں بااثر افراد کو ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، اور شہری گھروں میں محصور ہو گئے، ہوائی فائرنگ کے دوران گلی میں چھوٹے بچوں کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔غیر قانونی طور پر اس طرح کی شدید ہوائی فائرنگ سے انسانی جانوں کو شدید خطرہ لاحق ہو جاتا ہے، شہر میں آئے دن نامعلوم سمت سے آنے والی گولیوں سے اموات اور زخمی ہونے کے واقعات ہوتے رہتے ہیں، جمعہ کی رات بھی کراچی کے دو مختلف علاقوں میں دو بچے اپنے گھروں میں اندھی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی ہوئے۔موصولہ ویڈیو میں مسلح افراد کے چہرے بھی واضح طور دیکھے جا سکتے ہیں، پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ کے واقعے پر تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔